پی ٹی آئی کا رانا ثناء اللہ کے بیان پر عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ
وفاقی وزیر فواد چوہدری اور وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کی جانب سے اس قسم کے بیانات عدلیہ کو دباؤ میں لینے کے مترادف ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رانا ثناء اللہ کے خطاب کا کلپ شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے لکھا ہے کہ ” ایسی گفتگو اور دھمکیاں اگر بغیر نوٹس اور احتساب کے نظرانداز ہو جائیں تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔”
یہ بھی پڑھیے
جماعت اسلامی کامیاب،سندھ حکومت نے بلدیاتی قانون پر گھٹنے ٹیک دیے
بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ پی ٹی آئی کے لیے اہم ہے، پرویز خٹک
فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ” مجھے امید ہے اعلیٰ ترین سطح پر عدلیہ اس گفتگو کا نوٹس لے گی اور اقدامات کئے جائیں گے تا کہ احتساب کا عمل بغیر خوف و خطر آگے بڑھ سکے۔”
ایسی گفتگو اور دھمکیاں اگر بغیر نوٹس اور احتساب کے نظرانداز ہو جائیں تو پھر اللہ ہی حافظ ہے، مجھے امید ہے اعلیٰ ترین سطح پر عدلیہ اس گفتگو کا نوٹس لے گی اور اقدامات کئے جائیں گے تا کہ احتساب کا عمل بغیر خوف وخطر آگے بڑہ سکے pic.twitter.com/UmjscaDKdh
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 30, 2022
واضح رہے کہ گذشتہ روز فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے ایک مرتبہ پھر جوش خطابت میں عدلیہ پر چڑھائی کردی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ طوطے کی جان شہباز شریف میں ہے، عمران خان چاہتا ہے کہ شہباز شریف کو سزا ہو جائے۔ عدلیہ اور کوئی جج حکومت کا ساتھ نہیں دے گا کسی جج نے ایسا کیا تو اس کو گھیراؤ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا عمران خان چاہتے ہیں کہ میاں شہباز شریف کو کسی طرح سے نااہل کردیا جائے۔ تاکہ میرے علاوہ اور کوئی بچے نہ ۔ ان کا کہنا تھا ہم ہر اس جج اور اس عدالت کا گھیراؤ کریں گے جو تمہارے اس گندے اور گھٹیا ایجنڈے کو پروان چڑھانے میں مدد کرے گا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی ویسا ہی بیان دیا جیسا سے پہلے نہال ہاشمی اور دانیال عزیز شریف برادران کی محبت میں عدلیہ پر چڑھائی کے بیانات دیا کرتے تھے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کیا ایسے ماحول میں پاکستان کی عدالتیں آزادانہ ماحول میں کیسے کام کرسکتی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عدلیہ رانا ثناء اللہ کے بیان کا نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم اسی لیے چوروں پر گرفت مضبوط کرنے قوانین میں اصلاحات لا رہے ہیں۔









