پولیس اہلکاروں نے اغوا کے ملزم کو رشوت لے کر فرار کروایا، تفتیشی حکام
ملزم کو فرار کروانے میں مدد دینے والے زیر حراست کورٹ پولیس اہلکاروں سے تفتیش مکمل، تفتیشی حکام نے قصوروار قرار دے دیا۔
دعا منگی اغواء کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کی پولیس حراست سے فرار کا معاملہ، گرفتار کورٹ پولیس کے اہلکاروں سے تفتیش مکمل، اہلکار مجرمانہ غفلت کے مرتکب قرار۔
گرفتار اہلکاروں کی جانب سے ماضی میں بھی رشوت لے کر ملزم کو شاپنگ سینٹرز سمیت دیگر مقامات پر لے جانے کا انکشاف ہوا ہے، تفتیشی حکام کے مطابق ملزم زوہیب قریشی آن لائن ٹیکسی سروس کے ذریعے سٹی کورٹ سے ڈالمن مال طارق روڈ پہنچا۔
یہ بھی پڑھیے
کسٹم انٹیلی جنس کا جامع کلاتھ پر چھاپہ، علاقہ میدان جنگ بن گیا
ایف بی آر کا حیدرآباد میں گودام پر چھاپہ، 172 بوری چینی برآمد
حکام نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار ملزم کو شاپنگ سینٹر میں ہی چھوڑ کر واپس کورٹ چلا گیا تھا، اہلکار نے آن لائن ٹیکسی سروس کے ڈرائیور کو سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر واپس کورٹ بلایا۔
پولیس اہلکار مقررہ وقت پر ڈالمن مال پہنچا تو زوہیب قریشی فرار ہو چکا تھا، ملزم کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ شب بھی ایسٹ زون انوسٹی گیشن پولیس نے گلشن حدید میں چھاپا مارا، اس کے علاوہ بھی مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے باوجود ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔