ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

پاکستانی میڈیا نے گذشتہ روز تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کی شادی کی خبر دی تھی۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی آج شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ سات ماہ کی نظر بندی کے بعد رہا ہونے والے سعد رضوی نے اس سے قبل اپنے والد اور بانی تحریک لبیک پاکستان خادم حسین رضوی کی برسی بڑے دھوم دھام سے منائی تھی۔

قریبی ذرائع کے مطابق سعد رضوی کی شادی ان کے ماموں کی بیٹی سے اٹک میں ہوئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ان کے ولیمہ کی تقریب اتوار 6 فروری کو لاہور میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

بلدیاتی ترمیمی ایکٹ پر تمام جماعتوں سے بات چیت کےلیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے جماعت اسلامی کے ساتھ معاہدے کی توثیق کردی

تفصیلات کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے سربراہ ، جنہیں تقریباً سات ماہ کی نظربندی کے بعد حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا تھا آج رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے ہیں۔

اٹک میں ہونے والی شادی تقریب میں نکاح خواں کے فرائض پاکستان کے معروف عالم دین اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے ادا کیے تھے۔

دریں اثناء سعد حسین رضوی کے ولیمے کی تقریب 6 فروری کو لاہور کے سبزہ زار گراؤنڈ میں ہوگی جب کہ ضلعی حکام نے تقریب کی اجازت دے دی ہے۔

سعد حسین رضوی کے نومبر 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کی امید تھی تاہم ان کے والد اور ٹی ایل پی کے سابق سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد سعد حسین رضوی کو 2020 میں ٹی ایل پی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی کا دعویٰ ہے کہ ان کی پارٹی اگلے عام انتخابات میں کنگ میکر کا کردار ادا کرے گی ، کہتے ہیں کہ اس کے ووٹ بینک کو پنجاب اور سندھ میں بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا، بشرطیکہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوں۔

متعلقہ تحاریر