کمر کی انجری ، بوم بوم آفریدی پی ایس ایل 7 سے دستبردار ہو گئے

شاہد خان آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپنے مداحوں سے اپنی صحت کے حوالے سے دعاؤں کی  درخواست کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فرنچائز کے آل راؤنڈر اور دنیائے کرکٹ میں بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور شاہد خان آفریدی سے پی ایس ایل سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے نام پیغام میں شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ "میرا یہ پیغام اپنے ان چاہنے والوں کے لیے ہے ، میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، خاص طور پر ان مداحوں کے لئے جنہوں نے میرے کیریئر کے دوران مجھے سپورٹ کیا ہے۔ میرے مداح ہی میری طاقت رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 7 میں سلطانز کو پہلی شکست، قلندرز نے کراچی ہار کا بدلہ چکا دیا

ایرن ہالینڈ قذافی اسٹیڈیم کے نئے کمنٹری باکس کی گرویدہ

بوم بوم آفریدی نے کہا ہے کہ "میرے مداح میرے لیے اسی طرح اہم ہیں جیسے میری فیملی میرے لیے اہم ہے۔”

انہوں نے کہا "میں کوشش کررہا تھا کہ پی ایس ایل کو اچھے نوٹ پر ختم کروں ، لیکن میری لوئر بیک انجری کوئی 15 سال پرانی ہے ، اسی انجری کے ساتھ کھیل رہا تھا میں۔ وہ انجری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ میری کلائیوں ، میری کمر اور میرے پاؤں کی انگلیوں تک بہت زیادہ درد ہوتا ہے ، اس درد کو جس طرح میں برداشت کرکے لے کر چل رہا تھا ، اب وہ ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔”

شاہد آفریدی کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا ہے کہ "صحت ہے تو سب کچھ ہے ، پی ایس ایل کے بعد دو سے تین ماہ کا گیپ ہے ، پھر کشمیر پریمیئر لیگ شروع ہو جائے گی ، میں چاہ رہا تھا کہ پی ایس ایل اچھے نوٹ پر ختم ہو مگر برداشت کی ہمت ختم ہو گئی ہے۔

ندیم عمر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ "میں ندیم عمر صاحب کو بہت شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے ہر سطح پر مجھے سپورٹ کیا ، اور میں معذرت بھی کروں گا کہ میں پی ایس ایل مزید نہیں کھیل پارہا۔ اپنے مداحوں کی سپورٹ سے آخری پی ایس ایل کھیلنا چارہا تھا۔ میں دوبارہ ری ہیب کرنے کی کوشش کروں گا، پھر ان شاء اللہ اپنے مداحوں کے سامنے آؤں گا۔

شاہد خان آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں مداحوں سے درخواست کی ہے کہ آپ سب لوگ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

متعلقہ تحاریر