سی اسپارک 2022 مشقوں کا افتتاح، نیول چیف کی خصوصی شرکت

مشق ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے، ہائبرڈ وارفیئر چیلنجز میں پاک بحریہ کو بھرپور ردعمل دینے کی ضرورت ہے، ڈپٹی نیول چیف آپریشنز۔

پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2022 کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، اس مشق کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کا جائزہ اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے ضمن میں نیوی کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کرنا ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی امدادی کارروائیاں جاری

پاک فضائیہ میں چینی ساختہ جے10 طیاروں کا اسکواڈرن شامل

ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) نے اپنے افتتاحی کلمات میں مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گرے ہائبرڈ وارفیئر کے چیلنجز اور موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول کے تناظر میں پاک بحریہ کو بھرپور رد عمل دینے کی صلاحیت کی ضرورت ہے۔

وائس ایڈمرل نوید اشرف نے عصری ماحول میں جنگ کی نوعیت اور کردار پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاک بحریہ امن اور جنگ کے دوران قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لئے جنگی اعتبار سے تیار اور پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشق سی اسپارک 22 محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول کو فروغ دے کر خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو تقویت بخشے گی۔

مشق سی اسپارک 22 بحیرہ عرب میں پاکستان کی سمندری حدود میں منعقد کی جائے گی۔

مشق میں پاک بحریہ کے تمام پلیٹ فارمز/اثاثہ جات، اسپیشل فورسز اور پاک میرینز کے دستے، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

مشق میں وزارتِ دفاع، وزارت برائے میری ٹائم افیئرز، وزارتِ داخلہ اور نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کے نمائندگان بھی شرکت کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر