وزیراعظم آج منڈی بہاالدین میں جلسے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیراعظم نے بلدیاتی الیکشن کے لیے عوامی رابطہ مہم کی قیادت خود کرنے کا فیصلہ کیا تھا

تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم تیز کر دی ۔ وزیراعظم عمران خان آج منڈی بہاالدین  میں اجتماع سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17اضلاع میں 29 مئی کوپولنگ کرانے کا اعلان کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

کے پی حکومت نے بلدیاتی الیکشن میں شکست تسلیم کرلی،مہنگائی وجہ قرار

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی سے شروع ہوں گے

 

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں منڈی بہاالدین کے عوام بڑے ترقیاتی منصوبوں پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔

نیوز 360 کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے پارٹی پارلیمنٹرینز کے مشورے کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوامیں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف  کی سیاسی مہم کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کی  عوامی رابطہ مہم کی قیادت خود سنبھالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظر رواں ماہ وزیراعظم نے اپنی حکومت میں پہلی وفاقی کابینہ کے 2 اجلاس بھی ملتوی کیے ۔یاد رہے 9فروری کو وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے پیش نظر وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کیا گیا تھا ۔ اس سے قبل  یکم فروری کو بھی وزیر اعظم عمران خان کی بہاولپور میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کے باعث وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔

دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پارلیمانی بورڈز کو آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام معاملات کو یکجا کرنے اور مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ تحاریر