اہم فائٹ میں کیل بروک سے شکست، باکسر عامر خان کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ

یہ عامر خان کا 40 واں پروفیشنل میچ تھا ، اس سے قبل انہوں نے 35 میچ جیتے اور صرف چار میں شکست کھائی تھی جبکہ 21 میچوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔

پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان ہفتے کے روز مانچسٹر میں کیل بروک کے خلاف باکسنگ کا اہم میچ ہار گئے۔ حریف باکسر کیل بروک نے عامر خان کو ناک آؤٹ کردیا۔ فائٹ ہارنے کے بعد باکسر عامر خان نے باکسنگ سے ریٹائر ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

دونوں باکسرز کے درمیان 12 راؤنڈ کی لڑائی چھٹے راؤنڈ میں اختتام پذیر ہو گئی۔ فائٹ کے چھٹے راؤنڈ میں ریفری نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی کو روک دیا۔

یہ بھی پڑھیے

ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت نے قلندرز نے یونائیٹڈ کو شکست دے دی

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی پرانی پرفارمنس بحال

کیل بروک کے تابڑ توڑ حملوں کا عامر خان مقابلہ نہ کر پائے اور انکے پاؤں لڑکھڑا گئے۔ ریفری نے لڑائی کے بیچ میں کودتے ہوئے فائٹ کو روکنے کا اشادہ کیا۔ باکسر عامر خان نے اس بات تصدیق کی ہے وہ مستقبل میں اس پر غور کریں گے کہ انہیں لڑنا ہے یا پھر کھیل سے ریٹائرمنٹ لینی ہے۔

ہار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک 40 مقابلے لڑے ہیں اور دو عالمی ٹائٹل بھی اپنے نام کیے ہیں۔ امریکا اور دنیا کے کئی ممالک میں فائٹ کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب مجھے لگتا ہے کہ مجھے اپنے خاندان کو وقت دینا چاہیے ۔ کھیل سے اب پہلی سے محبت نہیں رہی ، رنگ میں بھی پرجوش نہیں تھا۔ یہ فائٹ میرے کیریئر کے اختتام کی جانب اشارہ ہے۔

پاکستانی شائقین نے بھی عامر خان کی شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی شہر مانچسٹر کے میدان میں ہونے والی اس فائٹ میں پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد عامر خان کی حمایت کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر مانچسٹر ایرینا پاکستان زندہ باد اور عامر خان کے نعروں سے گونج اٹھا۔

واضح رہے کہ دونوں باکسرز کے درمیان کافی تاخیر کے بعد ہونے والے اس میچ پر دنیا بھر سے تماشائیوں کی نظریں جمی ہوئی تھیں۔ فائٹ کے ٹکٹ 10 جنوری کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے اور چند ہی منٹوں میں ہزاروں ٹکٹس بک ہو گئے۔

قبل ازیں جمعے کو مانچسٹر میں پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ کیل بروک کو شکست کا مزہ چکھانا چاہتے ہیں، عامر خان نے یہ بھی کہا تھا کہ میں پوری طرح سے تیار ہوں کہ مجھے یہ میچ ہارنا نہیں بلکہ جیتنا ہے۔

کیل بروک سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ٹریننگ کے لیے بہت محنت کی لیکن شاید کچھ کمی رہ گئی تھی۔ انہوں نے اپنے حریف باکسر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کیل بروک نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

باکسر عامر خان نے مانچسٹر ایرینا آنے والے شائقین کا شکریہ ادا جنہوں نے انہیں میچ کے درمیان بھرپور سپورٹ کیا۔

واضح رہے کہ مانچسٹر میں ہونے والی فائٹ برطانوی باکسر عامر خان کے کیریئر کی سب سے اہم فائٹ تھی۔

باکسر عامر خان 2 سال بعد رنگ میں اترے تھے ۔ 35 سالہ عامر خان اور کیل بروک دونوں نے 2004 میں 17 سال کی عمر میں ایک ساتھ باکسنگ رنگ میں قدم رکھا تھا۔

یہ عامر خان کا 40 واں پروفیشنل میچ تھا ، اس سے قبل انہوں نے 35 میچ جیتے اور صرف چار میں شکست کھائی تھی جبکہ 21 میچوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔

دوسری جانب کائل بروک کی یہ 40ویں فتح تھی اور وہ اب تک صرف تین میچ ہارے ہیں جب کہ وہ 27 بار اپنے حریف کے خلاف ناک آؤٹ کی بنیاد پر جیت چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر