بچہ جمورا گھوم جا، جہانگیر ترین ایک ہفتے کی لندن یاترا پر روانہ
گذشتہ ہفتے معدے میں السر کی شکایت پر جہانگیر ترین کو لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
پاکستانی سیاست بھی مداری کی ڈگڈگی پر چلتی ہے۔ مداری کہتا ہے بچہ جمورا گھوم جا وہ گھوم جاتا ہے ، مداری کہتا ہے جھوم جا وہ جھومنے لگتا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ایک ہفتے کے لیے لندن روانہ ہو رہے ہیں۔
نیوز 360 کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین میڈیکل چیک اپ کے لیے لندن روانہ ہورہے ہیں۔ کنگ میکر جہانگیر ترین اپنے خاندان ہمراہ لندن روانہ ہورہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا سندھ میں مارچ سے قبل ہی مارچ
ن لیگ نے پھردیر کردی،ق لیگ تحریک عدم اعتمادکی حمایت سے پیچھے ہٹ گئی
گذشتہ ہفتے معدے میں السر کی شکایت پر جہانگیر ترین کو لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تین روز اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال سے ڈس چارج کردیا تھا تاہم ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔
حکومتی اور سیاسی شخصیات کی جانب سے جہانگیر ترین کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے جہانگیر ترین کو گلدستے کا تحفہ بھیجا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی۔ دو روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری نے جہانگیر ترین کو گلدستہ بھجوایا تھا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گذشتہ دنوں جہانگیر ترین سے خفیہ ملاقات کی تھی جسے میڈیا اور عوام کی نظروں سے اوجھل رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دو روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جہانگیر ترین سے ملاقات کرلیں ، تاہم عمران خان کی جانب سے ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔
جہانگیر ترین کو پاکستان تحریک انصاف کے 8 سے 10 ایم این ایز کا اعتماد حاصل ہے جو کسی بھی وقت وزیراعظم عمران خان کے خلاف آنے والی تحریک عدم اعتماد میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ معروف بزنس مین اور پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین ایک زمانے میں عمران خان کے قریبی ساتھی گنے جاتے تھے۔ تاہم شوگر اسیکنڈل کے بعد دونوں کے درمیان شدید اختلاف پیدا ہو گئے تھے ، جس کے بعد جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے اندر ایک فارورڈ بلاک بنایا تھا جس میں اسحاق خاکوانی، راجہ ریاض اور عون چوہدری جیسے سرکردہ رہنما بھی شامل ہیں۔









