ازبک صدر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے استقبال کیا

معزز مہمان کابینہ اراکین اور کاروباری شخصیات کے ہمراہ دو روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں، اہم معاہدوں کا امکان، ایم او یوز بھی سائن ہوں گے۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں، راولپنڈی کی نور خان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا استقبال وزیراعظم عمران خان نے کیا۔

وزیراعظم آفس کے آفیشل ٹوئٹر سے جاری ہونے والے پیغام کے مطابق ازبک صدر کا استقبال لال قالین بچھا کر کیا گیا۔

2016 میں صدر بننے کے بعد ازبک صدر کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ وہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے ہیں۔

قومی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو ایئرپورٹ پر خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے

نیول چیف کی پی این ایس طارق اور تغرل پر جوانوں سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان کی روس کے صدر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات

ازبک صدر ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں جس میں کابینہ اراکین اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی تیسویں سالگرہ کے روز صدر مرزیوف یہاں موجود ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اس دورے میں دونوں رہنماؤں کے مابین مشترکہ تعلقات اور سیاسی، تجارتی و معاشی، تعلیم، ثقافت، سیکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔

توقع ہے کہ متعدد مشترکہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان ازبک صدر کے ساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات اور میڈیا کانفرنس کی جائے گی۔

وزیراعظم معزز مہمان کیلیے سرکاری عشائیہ بھی دیں گے جبکہ صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ صدر مرزیوف کی علیحدہ ملاقات ہوگی۔

متعلقہ تحاریر