پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

قومی ٹیم نے کینگروز کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع نہیں دیا، دوسری اننگز میں اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کی شاندار سنچریاں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ حیران کن طور پر پاکستان نے مہمان ٹیم کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

آج ٹیسٹ میچ کے آخری دن کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم تین اوور بعد ہی 459 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان نے 476 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی، اظہر علی 185 پر آؤٹ

پاکستانی بزنس مین جاوید آفریدی چیلسی فٹبال کلب کو خریدنے کی دوڑ میں شامل

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 77 اوورز کھیل کر 250 رنز بنائے۔

اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے شاندار سنچریاں جڑ دیں۔ عبداللہ شفیق نے 242 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 136 رنز بنائے۔

امام الحق نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، 7 چوکے اور 2 چھکے لگا کر 223 گیندوں پر 111 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ کی نوبت ہی نہیں آسکی اور پاکستان کی دوسری اننگز کے دوران ہی میچ کا اختتام بغیر کسی نتیجے کے ہوگیا۔

پاکستانی بالنگ سائیڈ سے نعمان علی نے شاندار بالنگ کروائی اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انہوں نے میچ میں سب سے زیادہ میڈن اوورز بھی کروائے جن کی تعداد 9 تھی۔

دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 268 رنز بنانے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ امام الحق کو دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 459 رنز بنا سکی تھی۔

آسٹریلیا سے عثمان خواجہ 97، لبوشاگنے 90، اسٹیون اسمتھ 78، ڈیوڈ وارنر 68 اور کیمرون گرین 48 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔

متعلقہ تحاریر