کنیئرڈ کالج میں لاہور قلندرز کی جیت کا جشن

پی ایس ایل فرنچائز کی سی او او ثمین رانا نے کالج کی طالبات کا شکریہ ادا کیا، طالبات عاصم اظہر کے پرفارم نہ کرنے پر ناراض۔

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کی چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹیم مینیجر ثمین رانا نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کنیئرڈ کالج لاہور کی طالبات جشن منا رہی ہیں۔

یہ جشن پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کا ٹائٹل جیتنے والی لاہور قلندرز کے لیے منایا جا رہا ہے۔

ثمین رانا نے ویڈیو کو کیپشن دیا کہ اس زبردست استقبال کے لیے کینئرڈ کالج کا شکریہ۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور قلندرز کیلیے مہک اسلم کا نذرانہ، نیا ترانہ

لاہور قلندرز پی ایس ایل 7 کی فاتح، ملتان سلطانز ڈھیر ہوگئے

لیکن دوسری طرف کنیئرڈ کی طالبات نے شکایت کی کہ تقریب میں بہت بدانتظامی ہوئی جس کی ذمہ دار یونیورسٹی مینجمنٹ ہے۔

نوجوان گلوکار اور خواتین میں مقبول عاصم اظہر کو بھی تقریب میں پرفارم کرنا تھا لیکن انہوں نے معذرت کی اور انسٹاگرام پر وجوہات سے آگاہ کیا۔

لاہور قلندرز نے 27 فروری کو فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دی تھی، 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کی ٹیم 138 پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

لاہور کے شہری پی ایس ایل میچز کی وجہ سے ہونے والے سیکیورٹی اقدامات سے نالاں تھے۔

کئی ویڈیوز میں شہریوں نے ٹریفک جام اور سیکیورٹی کے نام پر کرفیو جیسے اقدامات کی شکایت کی تھی۔

لیکن لاہور قلندرز نے فائنل میچ جیتا تو اہلیان لاہور نے بھرپور جشن منایا، رات بھر پاکستان کے دل میں چراغاں کا سماں رہا۔

متعلقہ تحاریر