پاکستان تحریک انصاف کا 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسے کا اعلان

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ تحریک انصاف ، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ والے دن ڈی چوک پر جلسہ عام کرے گی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اس بات کا اعلان کردیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 27 مارچ کو جلسہ کرنے جارہی ہے، جبکہ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے وزیراعظم اپنے قوم سے خطاب کرنے آرہے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے لکھا ہے کہ ” کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا…. ان شاءا للہ 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہونے جا رہا ہے.”

یہ بھی پڑھیے

وفاقی وزراء کے درمیان لفظی جنگ ، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں ٹھن گئی

آج مولانا ڈیزل کہنے پر ناراض ہونے والوں نے ہی  فضل الرحمان کا نام ڈیزل رکھا تھا

اسد عمر نے مزید لکھا ہے کہ "دنیا دیکھے گی پاکستان کی عوام کیسے اپنی آزادی اور خودمختاری کے لئے اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔”

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے لکھا ہے کہ ” 27 مارچ وزیراعظم پاکستان آپ سے کرے گا دل کی بات۔”

واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے آج نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ والے دن بڑا جلسہ کرنا جارہی ہے جس میں دس لاکھ افراد شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی تو بہت خطرناک صورتحال ہو گی ، تمام پارٹیاں ایک دوسرے پر چڑھی ہوئی ہوں گی۔ اور اب تو جلسہ بھی ہورہا ہے۔

پروگرام کے میزبان نے سوال کیا جلسہ کیوں کررہے ہیں؟

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے ننھے منے جلسے لے کر آرہے ہیں ایک بڑا جلسہ ہم بھی کرلیں اور اپوزیشن والے بھی دیکھ لیں کہ بڑا جلسہ کیا ہوتا ہے۔ وہ دیکھ لیں کہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں ہیں۔ اور اس طرح سے یہ بھی ایک چھوٹا سا ریفرنڈم ہو جائے گا۔

متعلقہ تحاریر