تحریک عدم اعتماد کا معاملہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو لے ڈوبا، موڈیز
ماہرین معاشیات کے مطابق غیر یقینی سیاسی صورت حال سے معیشت کو مزید خطرات بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد پاکستان کی معیشت کے لیے خطرہ ، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو منفی قرار دے دیا۔ معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
ملک میں سیاسی بھونچال، غیر یقینی سیاسی صورت حال نے معیشت کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا تحریک عدم اعتماد سے پیدا صورت حال پر بیان نے معیشت کو آئینہ دکھا دیا۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی کے مارے عوام: نیپرا نے بجلی صارفین پر دہرا عذاب مسلط کردیا
سیاسی کشیدگی اور روس یوکرین تنازع معیشت کےلیے خطرہ ہے، وزیر خزانہ
موڈیز نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو معیشت کیلئے کریڈٹ نیگیٹو قرار دیدیا۔ موڈیز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر 4 اپریل کو ووٹنگ کا امکان ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے پالیسیوں کے تسلسل میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہوئی ہے۔
موڈیز کے مطابق پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات پر عمل درآمد برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سمیت بیرونی فنانسنگ کا حصول بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔
موڈیز کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو 342 میں سے 155 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
علاقائی اتحادی جماعتیں شامل کرکے یہ تعداد 179 بنتی ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق ارکان کے منحرف ہونے سے اکثریت پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔
ماہرین معاشیات کے مطابق غیر یقینی سیاسی صورت حال سے معیشت کو مزید خطرات بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔ موڈیز کی کریڈیٹ ریٹنگ منفی ہونے سے پاکستان کو بیرونی ذرائع سے سرمائے کے حصول میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔