پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کا اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کرنے کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت سے 31 مئی سے قبل انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے 31 مئی سے پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ملین مارچ کا فیصلہ کرلیا۔ لگتا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 31 مئی سے نزدیک یا اس کے فوری بعد اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی ، جس میں اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی، لوڈشیڈنگ عروج پر، معیشت زمین پر، شہباز شریف کا امتحان شروع

عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ملین کا فیصلہ کیا گیا ، فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر سے پی ٹی آئی کے 20 لاکھ لوگ لائے جائیں گے ، مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے کور کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹیوں کے اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کورکمیٹی اور پارلیمانی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس 9 مئی بلایا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان کی آزادی و خود مختاری کیلئے حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ  آزادی مارچ میں تیزی لائی جائے گی۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک بھر سےپارٹی کی تنظیموں کے اجلاس بھی طلب کرلئے ہیں جبکہ انہوں نے کارکنوں کو انتخابات کی بھر پور تیاری  کی بھی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے تر جمان کا اجلاس بھی ہوا  جس میں ملک بھر میں منائی جانے والے شب دعا کی تیاریوں پر بھی مفصل بریفنگ دی گئی  جبکہ موجودہ حکومت کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر عائد بد ترین سنسر شپ کی مذمت کی گئی ۔

اجلاس میں عمران خان کا کہنا تھاکہ بیرونی سازش کے نتیجے میں مسلط حکومت کے ہتھکنڈے ہر لحاظ سے شرمناک اور قابل مذمت ہیں ، سچ اور جھوٹ بالکل واضح ہو کر قوم کی نگاہوں کے سامنے آچکا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ 31 مئی سے پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے ، اور بڑی عید کے آس پاس الیکشن کرائے جائیں ، پہلے یہ لوگ کہتے تھے امپورٹڈ حکومت ہے اب ہم ان کو کہتے ہیں یہ امپورٹڈ حکومت ہے ۔ عمران خان چین سے نہیں بیٹھے گا ۔ ساری قوم تیار ہو جائے عوامی مسلم لیگ عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کسی میں جرات نہیں کہ وہ تحریک انصاف پر پابندی لگا سکے۔ قوم نے ٹھپہ لگا دیا ہے نواز شریف خاندان ریجیکٹڈ ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے ہم سے بھی سیاسی غلطیاں ہوئی ہیں ہم کوئی فرشتے نہیں ہیں ، مگر جب ان چوروں کو دیکھتے ہیں تو لوگوں کی نفرت بڑھ جاتی ہے ۔ دنیا بھر ایک ہی سوال ہے کہ بتایا جائے ان سب کو کس نے اکٹھا کیا ، یہودی لابی اور جو لوکل لابی میکر تھی انہوں نے ان چوروں کو اکٹھا کیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا اس ملک کے اندر جھاڑو پھر جائے گا ، ایسی جمہوریت کو لوگ تسلیم نہیں کرتے ، جس پر فرد جرم لگنے والی اور وہ وزیراعظم بن جائے ، آدھی سے زیادہ کیبنٹ مجرم ہیں یا ملزم ہیں۔

آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا باجوہ صاحب ساری جیلوں کو کھول دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا میں قمر جاوید باجوہ صاحب سے اپیل کرتا ہوں کہ طاقت کے زور پر ساری جیلوں کو کھول دیا جائے۔ کیونکہ جس بیچارے نے ٹیلی فون چوری کیا ہے اس کا کیا قصور ہے ، اس کے لیے بھی جیل کے دروازے کھولے جائیں۔ مکہ مدینہ جانے سے گناہ نہیں دھل جاتے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا دیکھیں کل مکہ مدینہ والے ان کے ساتھ کیا کرتے ہیں ، وزیراعظم کو عمران خان پالشیا کہتا ہے ۔ جب میں کہتا تھا کہ ن میں سے ش نکلے گی تو لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے ، اس طرح ش نکلتی ہے کہ بیٹا چیف منسٹر اور باپ پرائم منسٹر ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیکنیکل گورنمنٹ آسکتی ہے جمہوریت ختم ہو سکتی ہے ، خانہ جنگی ہو سکتی ہے، اس ملک میں انقلاب آسکتا ہے ، عمران خان کی کال پر انقلاب آسکتا ہے ۔ پاکستان میں کوئی بھی شخص شہباز شریف کی حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر