طارق جمیل، محمد یوسف اور آفریدی کی مسجد نبوی کی بے حرمتی کی مذمت

واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،مولانا طارق جمیل:اےاللہ! میں پوری امت کی طرف سےتجھ سےمعافی مانگتاہوں،محمد یوسف:پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،شاہد آفریدی

مسجدنبویﷺ میں گزشتہ رات پیش آئے افسوسناک واقعات پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ علمائے کرام اور معروف شخصیات بھی حرم مدنی کی پامالی کی مذمت کررہی ہیں۔

معروف مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور محمد یوسف نے بھی ان واقعات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کارکن مسجد نبویﷺ کے آداب بھلابیٹھے،حکومتی وزرا کیخلاف نعرے

سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، وزیراعظم

مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  آج مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

عیسائیت چھوڑ کر حلقہ بگوش اسلام ہونے والے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے اپنے ٹوئٹ  میں لکھا کہ  میں نےتو کبھی مکہ مدینہ نہیں دیکھاتھا،مسلمان ہونےکے بعد پہلی دفعہ گیاتوخانہ کعبہ کودیکھ کرچیخ نکل گئی تھی۔

محمد یوسف نے مزید لکھا کہ روضہ رسول ﷺپرگیاتوآنکھوں سےآنسوجاری ہوگئےتھے۔یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کررونگٹےکھڑےہوجاتے،آج روضہ رسول ﷺپرجوکچھ ہواوہ دیکھ کر اےاللہ! میں پوری امت کی طرف سےتجھ سےمعافی مانگتاہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں مسجد نبوی ﷺ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ  یہ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے مگر ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کے لئے حرم کی حرمت تک بھول گئے۔ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہو گئے۔نعرے لگانے والوں کی پہچان تو ہو جائے گی لیکن پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

متعلقہ تحاریر