فی کس آمدنی میں 7فیصد ،بیرونی سرمایہ کاری میں 2فیصد اضافہ
ایک سال کے دوران سالانہ فی کس آمدنی122ڈالر اضافے سے1798ڈالر ہوگئی، جی ڈی پی کا حجم 383 ارب ڈالر تک پہنچ گیا،بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب 45 کروڑ ڈالر ریکارڈ
پاکستان میں فی کس آمدنی میں ایک سال کے دوران7فیصد جبکہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں 2فیصد اضافہ ہوا ہے۔
122 ڈالراضافے کے بعد سالانہ فی کس آمدنی 1798ڈالر جبکہ جی ڈی پی کا حجم 383 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب 45 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی حکومت 10 جون کو بجٹ پیش کرے گی، نوٹیفکیشن جاری
دبئی میں 20 ہزار پاکستانیوں کی 10.6ارب ڈالر کی آف شور جائیدادوں کا انکشاف
وزارت منصوبہ بندی کے ذرائع کے مطابق ملک میں فی کس آمدنی کا تخمینہ گزشتہ مالی سال 1,676 ڈالر لگایا گیا تھا رواں مالی سال بڑھ کر 1798 ڈالر ہو گئی جو کہ 122 ڈالر یا 7 فیصد فی شخص کا اضافہ ہے۔ روپے کے لحاظ سے فی کس آمدنی 2020-21 میں 2لاکھ 68ہزار223 روپے تھی جو رواں مالی سال بڑھ کر 3 لاکھ 14ہزار353 روپے ہو گئی ہے جبکہ مالی سال 2022 میں جی ڈی پی کا حجم 383 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد شمار کے مطابق اپریل 2022 میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی جو اپریل 2021 میں براہ راست بیرونی سرمایا کاری 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی جبکہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایا کاری 2 فیصد اضافہ سے ایک ارب 45 کروڑ ڈالر رہی ۔
براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں چین سرفہرست رہا۔ جولائی سے اپریل 2022 کے دوران چین نے 35 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران چین نے 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی ۔بیرونی براہ راست سرمایہ کاری میں امریکا کا دوسرا نمبر رہا۔ امریکا نے رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 22 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ۔
جولائی سے اپریل کے دوران توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری 52 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جبکہ مالیاتی اور کاروباری شعبے میں 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔