بانو قدسیہ کی 92ویں سالگرہ پر گوگل کا خراج عقیدت

معروف ناول نگار بانو قدسیہ کو گوگل کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی مصنفہ بانو قدسیہ کی 92 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے ڈوڈل کے ذریعے بہترین انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بانو قدسیہ بھارت کے شہر فیروزپور میں 28 نومبر 1928ء کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ناول نگاری کے ساتھ ساتھ ڈرامہ نگاری بھی کی۔ وہ ایک روحانیت پسند مصنفہ تھیں۔ انہوں نے اردو میں ادب کی تخلیق کی جن میں ناول ڈرامے اور افسانے شامل ہیں۔

بانو قدسیہ نے کئی بہترین ناولز اور افسانے تحریر کیے جن میں ‘راجہ گدھ’ قارئین کی پسندیدگی کے لحاظ سے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ بانو قدسیہ نے اسی طرح اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں ٹی وی اور اسٹیج کے لیے بھی لکھا۔ ان کا اسٹیج ڈرامہ ‘آدھی بات’ نے بطور کلاسک پلے پذیرائی حاصل کی۔

بانو قدسیہ تقسیم ہند کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لاہور منتقل ہوگئیں اور پانچویں جماعت میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ مختصر کہانیاں لکھنے کے سلسلے کا آغاز کیا۔ انہوں نے لاہور کے کنیئرڈ کالج سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اردو ادب میں ایم اے کیا۔

ایم اے کے دوران انہوں نے افسانہ ‘آمادگی شوق’ لکھا جو 1950ء میں ادب لطیف میں شائع ہوا۔ انہوں نے دسمبر 1956ء میں اشفاق احمد سے شادی کی۔

یہ بھی پڑھیے

مشہور شخصیات کی اموات کی افواہیں

ان کی تصانیف میں شہرِ بے مثال، توجہ کی طالب، چہار چمن، امر بیل، حاصل گھاٹ، چھوٹا شہر بڑے لوگ، فٹ پاتھ کی گھاس اور ہوا کے نام شامل ہیں۔

انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے 2003ء میں ستارہ امتیاز، جبکہ 2010ء میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ 2012ء میں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز (پی اے ایل) نے بانو قدسیہ کو کمال فن کا ایوارڈ پیش کیا۔

بانو قدسیہ طویل علالت کے بعد 4 فروری ء2017 کو لاہور میں وفات پاگئیں۔

متعلقہ تحاریر