عام انتخابات کا اعلان 6 سے 8 ہفتوں میں متوقع ہے، عمران خان نے اپنی پنجاب کی قیادت کو بتا دیا
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ذرائع خبر دی ہے کہ نواز شریف اور پی ڈی ایم کو بول دیا گیا ہے کہ معیشت کو سنبھالا دے کرکے انتخابات کی جانب جانا ہوگا جتنی جلدی ہو سکے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر نئے انتخابات کی تیاری کا ٹاسک اپنی پنجاب کی قیادت کو دے دیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے اگلے چھ سے آٹھ ہفتوں میں عام انتخابات کا اعلان ہوسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے لاہور میں پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی ، لیکن سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا ، اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں عام انتخابات کا بغل بج سکتا ہے۔ اس لیے انتخابات کی تیاری شروع کر دی جائے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد ، چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا پُرتپاک خیرمقدم
پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف چارج شیٹ جاری کردی
عمران خان کا اپنی پارٹی کی پنجاب قیادت سے کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام کا واحد حل صاف و شفاف انتخابات ہیں۔
عمران خان نے اپنے ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران اپنے ذرائع کے حوالے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے حکومت سے کہا ہے کہ روپے کی قیمت کو کسی طرح سے 200 سے کم پر لے آئیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں اور بعدازاں الیکشن کا اعلان کردیں۔
عمران خان کا اپنے ذرائع کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے کہ ہمیں الیکشن کی جانب جلد از جلد جانا ہوگا ، کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چھ سے آٹھ ہفتوں کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ انتخابات کی تیاری کریں۔
پنجاب کی قیادت سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق صوبائی صحت یاسمین راشد کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی نچلے درجے سے تنظیم سازی کریں اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ انتخابات کی حتمی عملی ترتیب دینے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کی نیشنل کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔