کلفٹن کراچی میں جیولری شاپ میں ساڑھے 7 کروڑ روپے کی ڈکیتی

ملزمان لانگ خریدنے کے بہانے آئے، سودے بازی کے دوران اسلحہ نکال کر مالکن اور ملازم کو یرغمال بنالیا، 7 کروڑ کے طلائی زیورات اور 50 لاکھ روپے نقدی لے اڑے، 4 روز بعد بھی ملزمان کا سراغ نہ مل سکا

کراچی کے علاقےکلفٹن میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی  میں خاتون کی جیولری شاپ سے 7 کروڑ روپے کے زیورات اور 50 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی گئی۔

کارروائی میں ملوث ملزمان کو 4 روز بعد بھی گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

یہ بھی پڑھیے

ملک کے تین بڑے شہروں میں حوا کی بیٹیاں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دی گئیں

کراچی میں ڈی ایس پی ٹریفک کو تھپڑ مارنے والی لیڈی ڈاکٹر نیول افسر کی بہن نکلی

 

کلفٹن پولیس کے مطابق واردات 4 فروری کی سہ پہر کلفٹن فیز 5 میں زم زما کمرشل اسٹریٹ کے رینزز جیولر شاپ میں کی گئی جس کا مقدمہ نمبر 64/23 دکان کی مالک نسرین عبدالخالق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

خاتون کے مطابق 35 سے 40 سال عمر کے پینٹ شرٹ پہنے 2 ملزمان ناک کی لونگ خریدنے کے بہانے دکان میں داخل ہوئے جنہوں نے سودے بازی کے دوران اسلحہ نکال کر انہیں یرغمال بنا لیا۔

خاتون کے مطابق ایک مسلح ملزم نے اس کے ہاتھوں اور منہ پر ٹیپ  لگایا جبکہ دوسرے ملزم نے انہیں ساتھ لے جاکر دکان کی تجوری میں رکھے ہوئے 50 لاکھ روپے نقد، 7 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے مختلف زیورات اور سونے کے بسکٹ لوٹ لیے۔

مدعیہ کے مطابق ملزمان اسے اور ملازم کو دکان میں لاک کرکے لوٹی ہوئی رقم اور سونا اپنے پاس موجود اسکول بیگ میں ڈال کر فرار ہوگئے۔کلفٹن پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ وقوعہ کے روز ہی درج کرلیا گیا تھا جس کی تفتیش شعبہ انویسٹی گیشن کے پاس ہے تاہم تین روز گزرنے کے باوجود ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا۔

متعلقہ تحاریر