اسلامیہ کالج پشاور میں چوکیدار کی فائرنگ سے پروفیسر قتل

واردات کے بعد گارڈ کلاسنکوف سمیت جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ، جبکہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

اسلامیہ کالج پشاور میں ذاتی رنجش پر سیکورٹی گارڈ نے فائرنگ کر کے پروفیسر کو قتل کر دیا اور اسلحے سمیت فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلامیہ کالج میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ایس ایچ او تھانہ کیمپس داؤد خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ اسلامیہ کالج پشاور میں پروفیسر بشیر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حیدرآباد کے نجی اسکول میں طالبہ کی تیسری منزل سے کود کر خودکشی، وڈیو وائرل

ننکانہ صاحب میں توہین مذہب کے نام پر ایک شخص قتل ، ہجوم نے لاش کو آگ لگا دی

ایس ایچ او کے مطابق وہ فوراً پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ معلومات سامنے آئی ہیں کہ مقتول پروفیسر بشیر محمد ولد محمد سکنہ تحت بھائی مردان اور چوکیدار شیر محمد ولد خان شیر سکنہ سربند کے مابین کچھ عرصہ قبل زبانی تکرار ہوئی تھی جو آج دست و گریبان تک پہنچ گئی تھی ، دونوں نے طیش میں ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔

ایس ایچ او کے مطابق چوکیدار نے کلاشنکوف سے جبکہ مبینہ طور پر پروفیسر نے پستول سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی ہے جس کے دوران پروفیسر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد چوکیدار کلاشنکوف سمیت موقع سے فرار ہوگیا ، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپہ مار کارروائیاں  جاری ہیں۔

پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ سے کلاشنکوف کے متعدد خالی خولز اور 30 بور پستول کے 4 عدد خالی خولز جبکہ مقتول پروفیسر سے برآمد ہونے والے 30 بور پستول اور گولیوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر