کراچی: سچل گوٹھ کی رہائشی 14سالہ سدرہ جمیل 10 سے روز سے لاپتہ

9ویں جماعت کی طالبہ 17 فروری کو اسکول سے واپس نہیں آئی، سچل پولیس نے گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرلی

کراچی سے ایک اور کمسن طالبہ لاپتہ ہوگئی۔سچل گوٹھ کی رہائشی 14 سالہ سدرہ  جمیل 17 فروری سے لاپتہ ہے۔

سچل پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے بچی کی تلاش شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیے

محبت کے جھانسے میں آکر بھارت پہنچنے والی پاکستانی طالبہ اقرا جیوانی گرفتار

دعا زہرہ کی طرح کراچی سے اغوا ہونے والی 12 سالہ بچی پنجاب سے بازیاب

کراچی کے علاقے سچل گوٹھ کے قریب  واقع بلال گوٹھ کی رہائشی 14 سالہ سدرہ جمیل 17 فروری کو اسکول گئی تھی اور پھر واپس نہیں آئی۔گمشدہ طالبہ 9ویں جماعت میں زیرتعلیم ہے۔

سچل پولیس نے بچے کی گمشدگی کی ایف آئی آر  درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے تاہم اب تک کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں سے کمسن طالبات  کے گھر چھوڑ کر جانے کے واقعات  معمول بنتے جار ہے ہیں۔

گزشتہ سال سامنے آنے والے دعا زہرا کیس کے بعد اب تک نصف درجن سے زائد ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔رواں سال جنوری میں کورین پاپ بینڈ بی ٹی ا یس سے ملنے کی خواہشمند کورنگی کی رہائشی15 اور 17 سال کی 2 طالبات کوریا جانے کیلیےگھر سے بھاگ گئیں تھیں اور لاہورمیں ٹرین سے ملی تھیں۔

گزشتہ سال حیدر آباد کی رہائشی اقرا آن لائن گیم لڈو اسٹار پر بھارتی نوجوان سے دوستی کے بعد گھر سے بھاگنے کے بعد براستہ کراچی، دبئی اور نیپال ،بھارت  پہنچ کر گرفتار ہوگئی تھی جس کی واپسی رواں ماہ ہی عمل میں آئی ہے۔

طالبات کی گمشدگی کے زیادہ تر واقعات موبائل فون پر دوستی کا شاخسانہ نکلے جبکہ زیادہ تر طالبات اسکول یا کالج جانے کیلیے گھر سے نکلیں اور پھر لاپتہ ہوئیں۔سچل گوٹھ سے لاپتہ 14 سالہ سدرہ جمیل کی گمشدگی کے کیس میں بھی جلد پیش رفت کا امکان ہے۔

متعلقہ تحاریر