کراچی: اسٹیل ٹاؤن سے لاپتہ 6 سالہ فرح کی لاش برآمد، پڑوسی قاتل نکلا
بچی کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش گزشتہ روز نالے سے ملی، پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی، ملزم انتظار بچی کو بہلا پھسلا کر اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا، لاش ٹھکانے لگانے میں مدد کرنے والا ساتھی ملزم بھی گرفتار
کراچی کےنواحی علاقے اسٹیل ٹاؤن سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والی6 سالہ فرح دختر اعظم کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش نالے سے مل گئی۔پوسٹ مارٹم میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس نے بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی: سچل گوٹھ کی رہائشی 14سالہ سدرہ جمیل 10 سے روز سے لاپتہ
کراچی: بہادر آباد میں بلڈر سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی ڈکیتی
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی جبکہ لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے ۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق بچی کوزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا بچی کے جسم پر زیادتی کے نشانات موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے کے لئے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔
واقعے کے بعد لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے سے اسٹیل ٹاؤن جانے والی سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا ۔مظاہرین کا حکام سے مطالبہ تھا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔بعد ازاں ایس ایس پی ملیر نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔
دریں اثنا بچی کی تدفین سے قبل ہی پولیس نے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم انتظار کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم مقتولہ کا پڑوسی نکلا۔ایس ایس پی ملیر حسن سردار کے مطابق گرفتار ملزم انتظار مقتولہ بچی کا پڑوسی اور پیشے کے لحاظ سے رنگ ساز ہے جس نے بچی کو بہلا پھسلا کر اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزم کے ساتھی اللہ رکھا نے لاش ٹھکانے لگانے میں انتظار کی مدد کی۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد 24 گھنٹوں سے کم وقت میں مرکزی ملزم اور اس کے سہولت کار کو گرفتار کیا گیا ہے، مرکزی ملزم انتظار پنجاب کے شہر وہاڑی کا رہائشی ہے اور کراچی میں رنگ سازی کے کام کی وجہ سے رہائش پذیر ہے۔