کراچی: سابق جہادی کمانڈر خالد رضا کو 3ماہ قبل ہی قتل کاوقت بتائے جانے کاانکشاف
خالد رضا کو 3 ماہ قبل گھر پر ایک پارسل موصول ہوا تھا جس میں ایک گھڑی کے ساتھ ایک پرچی پر ’’گڈ لک خالد رضا‘‘ درج تھا، پارسل میں موجود گھڑی 8 بجکر 10 منٹ پر رکی ہوئی تھی، پارسل لانے والے نے گھر کی وڈیو بھی بنائی تھی، خالد رضا کو 26 فروری کی رات 8 بجکر 10 منٹ پر ہی قتل کیا گیاتھا، تفتیشی ذرائع
کراچی میں گزشتہ ماہ قتل کیے گئے سابق جہادی کمانڈر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین خالد رضا کو 3 ماہ قبل ہی قتل کے وقت سے آگاہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
خالد رضاکے قتل کی تحقیقات کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی: فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین خالدرضا کی ٹارگٹ کلنگ
اسلامیہ کالج پشاور میں چوکیدار کی فائرنگ سے پروفیسر قتل
تفتیشی ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک 7 میں 26 فروری کو رات 8 بجکر 10 منٹ پر قتل کیے جانے والے خالد رضا کی ریکی 3 ماہ قبل شروع کی گئی تھی جبکہ خالد رضا کو 3 ماہ قبل گھر پر ایک پارسل موصول ہوا تھا۔
رائیڈر نے خالدرضا کے گھر کی تصدیق کے بعد ہارسل اہل خانہ کے حوالے کیا تھا جس میں سے گھڑی نکلی تھی اور اس پر وقت 8 بجکر10 منٹ تھا۔
اہل خانہ نے پارسل پہنچانے والے رائیڈر کو گھر کی ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا۔ اہل خانہ کے روکنے پر رائیڈر بھاگ نکلا جبکہ گھڑی کے ساتھ ملنے والی پرچی پر ’’گڈ لک خالد رضا‘‘ درج تھا۔
حیران کن طور پر سابق جہادی کمانڈر کو 26 فروری کو رات 8 بجکر10 منٹ پر ہی قتل کیا گیا۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خالد رضا کو پرچی جس نے بھیجی اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔