ایف آئی اے کا لون ایپس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع، 9 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے محکمہ مالیاتی خدمات کے ساتھ ملکر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ، کارروائی کے دوران دستاویزات، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور موبائل سم کارڈ قبضے میں لے لی گئیں۔

لون ایپس کے ذریعے دی جانے والی دھمکیوں سے ایک شہری کی خودکشی کے تناظر میں، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ 19 دیگر ملزمان  کو موبائل لون ایپلی کیشنز کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے G-8 سیکٹر میں ایک لون ایپ کے دو دفاتر پر چھاپے مارے، دفاتر کو سیل کر کے لیپ ٹاپ اور دیگر متعلقہ مواد کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

لاہور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ملزمان کی فائرنگ، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

کراچی: گلستان جوہر میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کے خلاف ایف آئی آر درج

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے محکمہ مالیاتی خدمات کے ساتھ مل کر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں متعدد چھاپے مارے۔

ان کارروائیوں کے دوران، نو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، اور 19 افراد کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی گئیں۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ انسپکٹر بدر منیر نے کارروائی کرتے ہوئے سیدو شریف روڈ پر ایک پلازہ میں واقع کئی دفاتر کو سیل کیا۔

ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کو روزانہ کی بنیاد پر 100 سے 150 کالز کا ہدف دیا جاتا تھا جس کے تحت وہ لون لینے والے شہریوں ، ان کے دوستوں اور خاندان کے دیگر افراد کو دھمکی آمیز کالز کرتے تھے۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ چھاپے مارے گئے دفاتر میں الگ الگ محکمے رکھے گئے تھے جنہیں "ٹارچر کالز” کہا جاتا تھا۔

ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ ان محکموں کی شناخت "D-0, D-1, D-2, DS-1, DS-2, اور DS-3” کے ناموں سے رکھی گئی تھی ، ملزمان نے شہریوں سے ذاتی معلومات اکٹھا کرنے کے لیے لون ایپس کا استعمال کیا۔ اس کے بعد، اس معلومات کو لوگوں کو ہراساں کرنے اور اذیت دینے کے لیے استعمال کیا گیا۔

ایف آئی اے نے چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں دستاویزات، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور موبائل سم کارڈ قبضے میں لے لی ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اس وقت تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ غیرقانونی سرگرمی میں ملوث باقی افراد کو جلد گرفت لے آیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر