گلشن حدید سے لاپتہ 31 سالہ خاتون نے لاہور جاکر نکاح پر نکاح کرلیا
9سالہ بچی کی ماں انعم 14نومبر کو گلشن حدید سے لاپتہ ہوئی تھی، خاتون نے فیس بک پر ایک سالہ دوستی کے بعد لاہور کے رہائشی طلحہٰ کو کراچی بلوایا تھا، لاہور میں نکاح کےبعد بائیو میٹرک تصدیق کے دوران خاتون کے جھوٹ کا پول کھل گیا، ملزم طلحہٰ گرفتار
کراچی کے نواحی علاقے گلشن حدید سے 14نومبر کو پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی 31سالہ شادی شدہ خاتون کی جانب سے لاہور جاکر نکاح پر نکاح کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی پولیس نے خاتون انعم کو لاہور سے بازیاب کروا کے ایک ملزم طلحہٰ کو گرفتار کرلیا۔خاتون فیس بک پر لاہور کے رہائشی نوجوان سے دوستی کے بعد اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر گئی تھیں۔ خاتون نے نوجوان کو دھوکے میں رکھ کر نکاح پر نکاح کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے علاقے گلشن حدید سے 31 سالہ خاتون پر سرار طور پر لاپتہ
کراچی میں 5 ہزار روپے کے موبائل فون کیلئے 20 سالہ نوجوان قتل
کراچی کے اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید سے14 نومبر کی صبح 9 سالہ بچی کی ماں 31 سالہ انعم پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر نے تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں اپنی بیوی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس نے تکنیکی بنیاد پراسکی تفتیش کی اور ضلع ملیر کی انیوسٹی گیشن اور آپریشن کی ٹیموں نےمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے خاتون کو بازیاب کرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی مزکورہ شخص سے دوستی سوشل میڈیا کی ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ہوئی تھی اوراب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون اپنی مرضی سے اسکے ہمراہ گئی تھیں تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
گرفتار ملزم طلحٰہ نے میڈیا کو بتایا کہ انعم سے اسکا رابطہ ایک سال قبل فیس بک پر ہو اتھا ، بعد ازاں دونوں کے درمیان واٹس پر رابطہ قائم ہوگیا۔ملزم نے بتایا کہ وہ خاتون کے بلانے پر پہلی مرتبہ13 نومبر کو کراچی آیا تھا اور اسکے بتائے ہوئے پتے پر پہنچنے کے بعد اسے بذریعہ ٹرین لاہور لے گیا تھا جہاں جوہر ٹاؤن میں اس نے اپنے دوست کا فلیٹ کرائے پر لیکر خاتون کورکھا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے خاتون کے ساتھ ایوان عدل لاہور جاکروہاں باقاعدہ نکاح کیا۔ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس وقت تک خاتون سے اسے پہلے سے شادی شدہ اور 9 سالہ بچی کی ماں ہونے سے متعلق نہیں بتایا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ دو دن بعد بائیومیٹرک تصدیق کے دوران اس بات کاانکشاف ہوا کہ خاتون پہلے سے شادی شدہ اور 9 سالہ بچی کی ماں ہے تو وہ بہت زیادہ گھبراگیا تھا، ملزم کے مطابق اسے اس بات کو تو اندازہ تھا کہ اس پر اغوا کا مقدمہ درج ہوگا لیکن یہ نہیں پتہ تھا کہ خاتون شادی شدہ ہے۔ملزم کا کہنا ہے اس کا خیال تھا کہ شادی ہوجائے گی تو وہ اپنے والدین کو لڑکی کے گھر بھیج کر انہیں منالے گا۔
ملزم کے مطابق خاتون نے اپنے لیے موبائل خریدنے کیلیے اسے ایک مرتبہ 20 ہزار روپےاور ٹرین کے ٹکٹ کیلیے 15 ہزار روپے بھیجے تھے۔ملزم کے مطابق اس نے اپنی جیب سے 6ہزار روپے ملاکر خاتون کیلیے 25 ہزار روپے کا موبائل فون خریدا تھا۔