اغوا کاروں کا ہنی ٹریپ، سندھ پولیس کا شہریوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ

سندھ پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ نامعلوم خواتین سے فونز کال پر دوستی سے پرہیز کریں، اغوا کار لڑکیوں کا جھانسا دیکر آپ کو اندرون سندھ بلاکر اغوا کرلیں گے، پولیس کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کے علاوہ بھی اگر کوئی شخص آپ سے فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپ پر دوستی کرکے آپ کو سکھر، گھوٹکی ،شکار پور یا کشمور بلائے تو جانے سے پرہیز کریں

سندھ پولیس نے شہریوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم جرائم پیشہ افراد موبائل فونز کال پر خواتین کے ذریعے معصوم افراد کو جھانسے سے پھنسا کر اغو ابرائے تاوان کی وارداتوں میں مصروف ہیں ۔

 سندھ پولیس حکام کی جانب سے ایک جاری ایک سرکلر سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد خواتین کے ذریعے فونز کال پر مردوں پر ورغلا کر انہیں اغوا کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی: فون پر دوستی کے بعد اغوا برائے تاوان کرنیوالی خاتون گینگ سمیت گرفتار

سندھ پولیس کے اعلامیہ میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ نامعلوم خواتین کی فونز کال پر دوستی سے پرہیز کریں کیونکہ ایک گروپ خواتین کے ذریعے فونز کال پر آپ کو اغوا کرسکتا ہے۔ لہذا ان سے بچا جائے ۔

اعلامیہ میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی نامعلوم خاتون سے فون پر دوستی کے بعد اپ اس سے ملنے سکھر، گھوٹکی، شکار پور، یا کشمور جا رہے ہیں تو آپ اپنے آپ کو اغواء کروانے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام نےشہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خاتون کی آواز کے جھانسے میں نہ آئیں اور خود کو اغواء ہونے سے بچائیں۔ اپنے پیاروں اور بچوں کو اس قسم کے کال سے آگاہی دیں۔

 پولیس کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کے علاوہ بھی اگر کوئی شخص آپ سے  فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپ پر دوستی کرکے آپ کو سکھر ، گھوٹکی ،شکار پور یا کشمور بلائے تو جانے سے پرہیز کریں۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم اغوا کار گروپ فونز کال کے ذریعے کاروبار یا دوستی کے لیے آپ کو سندھ کے علاقوں میں آنے کی دعوت دے رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو اغوا کرلیا جائے گا ۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل  کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک خاتون سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ خاتون فون کے ذریعے دوستی کرکے لڑکوں کو بہانے سے ملنے بلاتی تھی ۔

گرفتار افراد سجاد خان ، محمد ارباز  اور سلمان خان نامی شخص شنو نامی لڑکی کے گینگ کے  ارکان میں شامل تھے جوکہ  لڑ کی سے ملنے کے لیے آنے والے لڑکوں کو اغوا کرکے تاوان طلب کرتے تھے ۔

یہ بھی پڑھیے

سی ٹی ڈی شہریوں کے مبینہ اغوا میں ملوث، رہائی کیلئے لاکھوں کی رشوت کی مانگ

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان  نے شمائل نامی نوجوان کو اغوا کرکے اس سے 2 لاکھ روپے وصول کیے جبکہ مزید سات لاکھ روپے لینے الفلاح پہنچے تو وہاں سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا تھا ۔

واضح رہے اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی واقعات وقوع پذیر ہوچکے ہیں جن میں نامعلوم لڑکیاں فونز کال پر لڑکوں سے دوستی کرکے انہیں اندرون سندھ بلاکر پھر رہائی کیلئےتاوان طلب کیے گئے ہیں۔

سندھ پولیس سے قبل پنجاب پولیس ضلع رحیم یارخان سے بھی اسی طرح کا ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں نوجوان لڑکوں اور مردوں کو اغوا کاروں کی ہنی ٹریپ کال سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی گئی تھی ۔

متعلقہ تحاریر