کمالیہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی
تھانہ صدر پولیس نے زخمی ملزم ندیم عرف دیمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ مبینہ مقابلے کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔
کمالیہ: تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ زیر حراست ملزم زخمی ہوگیا ، پولیس نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
تھانہ صدر پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیر حراست ملزم کو ریکوری کے بعد واپس لا رہے تھے کہ راستے میں چھپے ہوئے ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس سے ان کا اپنا ساتھی زخمی ہوگیا۔ تاہم ملزم کے ساتھی فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
خانیوال میں سی ٹی ڈی افسران کو شہید کرنے والے دہیشتگرد کی تصویر جاری
مردان میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کی کارروائی، کروڑوں روپے کی 24 گاڑیاں برآمد
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ صدر پولیس ملزم ندیم عرف دیمی کو مسروقہ پستول کو ریکور کر کے واپس آرہی تھی کہ نواحی علاقہ 731 گ ب کے قریب ملزم کے ساتھی موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ، تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ملزم ندیم عرف دیمی زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تھانہ صدر پولیس کے مطابق ملزم ندیم کے خلاف ضلع ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف تھانوں میں 12 سے زائد مقدمات درج ہیں اور زخمی ملزم ہسٹری شیٹر ہے۔
تھانہ صدر پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کا مقدمہ تھانہ صدر کمالیہ میں درج کرلیا ہے۔