علی حیدر گیلانی کی لیک ویڈیو نے پی ڈی ایم کا بیانیہ تباہ کردیا
لیک ویڈیو نے صرف پی ڈی ایم کا بیانیہ ہی تباہ نہیں کیا بلکہ سینیٹ انتخاب کو بھی انعقاد سے قبل ہی تنازعات کا شکار بنادیا۔
سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی لیک ویڈیو سامنے آنے سے سینیٹ انتخاب اپنے انعقاد سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئے تھے۔ لیک ویڈیو نے ووٹ کی حرمت کو کئی مواقع پر دہرانے والی پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کا بیانیہ بھی تباہ کردیا ہے۔
پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے ممبران پر مشتمل ویڈیو اور آڈیو کلپس کے ذریعے حزب اختلاف کا بیانیہ تباہ ہوگیا ہے۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ انتخاب منعقد کروانے پر زور دیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینٹ میں ووٹوں کی خریداری کرتے اور ووٹ ضائع کرنے کے نسخے بتاتا پکڑا گیا۔یہ ہے پی ڈی ایم اور انکے متفقہ امیدوار یوسف گیلانی کا کردار۔ جس پر گیلانی صاحب فرماتے ہیں لوگ میرے کردار کو دیکھ کر ووٹ دیں گے#ہار_چور_ووٹ_چور pic.twitter.com/w1IFiY00T7
— PTI (@PTIofficial) March 2, 2021
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ کا انتخاب منعقد کرنے کے لیے ایک آرڈیننس جاری کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس آرڈیننس کے خلاف رائے دی تھی جس کے بعد آرڈیننس کی مخالفت کرنے والی پی ڈی ایم نے سکون کا سانس لیا۔
لیک ویڈیو کے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کرنے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ رائے دہندگی کے طریقہ کار میں تبدیلی کا مطالبہ کرنے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ اور ضمیر کی خریداری کی روک تھام تھا۔ اس ویڈیو نے ‘ووٹ کو عزت دو’ کے بیانیے کو نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ویڈیو لیک کے سائے میں سینیٹ کا انتخاب
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سمیت تحریک انصاف دیگر رہنماؤں نے ویڈیو کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخاب کے بارے میں ان کا موقف درست ثابت ہوگیا ہے۔
منگل کے رات کو لیک ہونے والی اس ویڈیو اور آڈیو کلپس نے صرف پی ڈی ایم کی ساکھ کو ہی نہیں بلکہ اس تحریک کے مستقبل کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔