پاکستانی روپے نے ڈالر کو پچھاڑ دیا
ڈالر کی قدر میں اونچ نیچ تو روزانہ کی بنیاد پر جاری رہتی ہے لیکن ایک ہی دن میں 97 پیسے کی کمی تقریباً 7 ماہ کے بعد ہوئی ہے۔

پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر ہے کہ پاکستانی روپے نے ڈالر کو پچھاڑ دیا ہے جس کے بعد ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
پاکستانی معیشت میں بہتری اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی سکے یعنی روپے کی قدر بڑھ رہی ہے جو امریکی ڈالر کو پچھاڑ رہا ہے۔ بدھ کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ایک ہی دن میں ڈالر کی قدر میں 97 پیسے کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 155 روپے 74 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد یہ 156 روپے 20 پیسے کی سطح پر آگیا۔
ڈالر کی قدر میں اونچ نیچ تو روزانہ کی بنیاد پر جاری رہتی ہے لیکن ایک ہی دن میں 97 پیسے کی کمی تقریباً 7 ماہ کے بعد ہوئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں 26 اگست 2020 سے لے کر اب تک ڈالر کی قدر میں 12 روپے 55 پیسے کمی ہوچکی ہے۔ اِن 7 ماہ کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 168 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 155 روپے 74 پیسے پر آگیا ہے۔

ادھر بیرونِ ممالک مقیم پاکستانی ملکی سرمایہ کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ گذشتہ ہفتے کے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب تک ایک لاکھ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں جن سے 67 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرائی گئی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے اس رقم کا آدھا حصہ صرف گذشتہ 8 ہفتوں کے دوران جمع کرایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ گذشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 6 ہزار 400 روپے ہوگئی تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 643 روپے کم ہو کر 91 ہزار 221 روپے ہوگئی تھی۔ گذشتہ برس عالمی منڈی میں سونے کے نرخ 2 ہزار 54 ڈالرز فی اونس کی ریکارڈ سطح تک پہنچے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں ترقی اور برآمدات میں اضافہ
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی سے پاکستان کے قرض میں بھی براہ راست کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ قرض کی ادائیگی ڈالر کی صورت میں کی جاتی ہے۔ پاکستان کی معیشت کے لیے ان دنوں مسلسل اچھی خبریں آرہی ہیں اور حکام کے پاس موقع ہے کہ اس صورتحال سے فائدہ اٹھائیں۔









