تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج اور ملک کا پہیہ جام
تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج نے ملک کا پہیہ جام کردیا۔
پیر کے روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد احتجاج نے پوری ریاست کا پہیہ جام کردیا ہے۔ ملک کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کے دھرنے اور احتجاج کی وجہ سے کراچی، اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بدترین ٹریفک جام ہوا جس میں ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں۔
مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں ٹی ایل پی کے نائب امیر سید ظہیر الحسن شاہ نے سعد حسین رضوی کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’قوم دیکھ لے کہ حکومت نے تحریک لیبک کے ساتھ کیے گئے معاہدہ ناموس رسالت ﷺ کی مکمل خلاف ورزی کی ہے۔‘ یہ ویڈیو پیغام جنگل کی آگ کی طرح سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپ واٹس ایپ کے ذریعے ملک بھر میں پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے تجار کاروبار کی بندش کے خلاف سراپا احتجاج
انہوں نے ملک بھر میں موجود ٹی ایل پی رہنماؤں اور کارکنان سے اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں پر آ کر حکومتی اقدام کے خلاف مظاہرے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سڑکوں پر مظاہرے کریں اور ملک کو جام کردیں۔‘
لاہور
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کے مظاہروں کے باعث شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔ لاہور میں راستے بند ہونے سے اسپتالوں کو آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی میں مشکلات بڑھ گئیں اور کرونا کی وباء سے متاثرہ مریض خطرے میں آگئے۔
مظاہرین نے لاہور کے 24 مقامات کو بند کردیا۔ مظاہرین نے ریگل چوک جانے والا ہائی کورٹ چوک، آواری چوک، فیلیٹی چوک، کارپوریشن چوک، خیابان چوک، یتیم خانہ چوک، محافظ ٹاؤن، شاہدرہ چوک، داروغہ والا چوک کے دونوں اطراف، برکی روڈ، شادباغ، بھٹ چوک بیدیاں روڈ، مصری شاہ، کنال روڈ، ہربنس پورہ انٹرچینج، رنگ روڈ پر قائداعظم انٹرچینج، شالیمار چوک اور نیازی انٹرچینج کو بلاک کردیا۔
کراچی
صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد حسین رضوی کی حراست کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے بلدیہ نمبر 4، نادرن بائی پاس، حب ریور روڈ، جناح برج، اورنگی ٹاؤن نمبر 5 اور اسٹار گیٹ سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے اور ٹریفک جام کردیا۔
اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں تحریک لبیک پاکستان کے کچھ کارکنان کی گرفتاری کے بعد پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس سے ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹی ایل پی کے کارکنان نے بہارہ کہو میں احتجاج کیا گیا جس کی وجہ سے اٹھال چوک کو بلاک کردیا گیا۔ اٹھال چوک بند ہونے سے مری سے آنے والی ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہوگئی۔
راولپنڈی
راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے کارکنان نے کمیٹی چوک کے پاس جمع ہو کر احتجاج اور پتھراؤ کیا۔ کارکنان نے شہر بھر میں ٹریفک بلاک کردیا اور زبردستی گاڑیاں روک کر شہریوں سے جھگڑے بھی کیے۔
#Rawalpindi’s Murree road blocked by TLP workers. pic.twitter.com/KJmY5ChK0O
— Shiraz Hassan (@ShirazHassan) April 12, 2021
ملتان
صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں بھی ٹی ایل پی کے کارکنان نے احتجاج اور مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے بہاولپور بائی پاس پر احتجاج کیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج کے باعث ملتان کا جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے راستہ منقطع ہوگیا۔
اس رپورٹ کی تیاری میں لاہور سے نامہ نگار دانیال راٹھور، اسلام آباد سے نامہ نگار جاوید نور اور کراچی سے نامہ نگار عبدالقادر منگریو نے حصہ لیا ہے۔