شفقت محمود کا طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار سعد رفیق برہم
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے مطالبے پر انٹر کے امتحانات ملتوی نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے آج سے شروع ہونے والے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وفاقی دارالحکومت سمیت صوبہ پنجاب، صوبہ خیبرپختون خوا اور صوبہ بلوچستان میں آج سے انٹر کے امتحانات شروع ہونے جارہے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں 4 جولائی سے نویں اور دسویں کے امتحانات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ملالہ کے والد نے وسیع القلبی کی نئی مثال قائم کردی
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جو طلبہ وقت مانگ رہے ہیں وہ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کرسکتے ہیں۔ تمام بورڈ کے سپلیمنٹری امتحانات 2 سے 3 ماہ بعد ہوں گے۔
Exams are starting tomorrow in the remaining provinces and federating units. Wish all students taking exams from tomorrow the very best. Inshallah all will do well
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) July 9, 2021
وفاقی وزیر تعلیم نے مزید لکھا ہے کہ جن طلبہ کی تیاری ہے ان کو امتحانات سے روک کر ان کے ساتھ زیادتی نہیں کرسکتے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ پچھلے سال کرونا کی شدید لہر کی وجہ سے امتحانات ملتوی کرنا پڑے تھے اور بچوں کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاسز میں ترقی دینا پڑی تھی مگر اس سال بغیر امتحانات کے بچوں کو پرموٹ نہیں کیا جاسکتا ہے۔
وزیر تعلیم کے اس اقدام کے خلاف طلبہ نے سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی تھی اور وزیر تعلیم کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ وبائی مرض کی وجہ سے ان کی تیاری مکمل نہیں ہوسکی اور امتحانات میں ان کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔
9 جولائی کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق اور احسن اقبال سستی مقبولیت حاصل کرنے کے لیے طلبہ کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں۔
No surprise that N league, which is breaking apart, is playing politics with students to gain cheap popularity. People like Ahsan Iqbal and Saad Rafiq know that exams have already happened in Baluchistan and Sindh, therefore other students cannot be treated differently 1/2
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) July 9, 2021
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان اورسندھ میں امتحانات پہلے ہی ہوچکے ہیں ، لہذا دوسرے طلبہ سے مختلف سلوک نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے وزیر تعلیم شفقت محمود پر تنقید کرتے ہوئے انہیں علامہ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔
علامہ شفقت محمود ! بس کردیں ۔۔سپلیمنٹری امتحان میں صرف وہ بچے شریک ھو سکتے ھیں جو فیل ھوۓ ھوں یا اپنے مارکس بڑھانے کیلئے سپلیمنٹری امتحان دیں
فریش بچے اسمیں حصہ ھی نہیں لے سکتے ، میرا خیال ھے وزیر تعلیم کو یہ معلوم ھی نہیںسپلیمنٹری میں جانے کیلئے فیل ھونا پڑیگا 🙏
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) July 9, 2021
واضح رہے کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات ملتوی نہ کرنے پر گزشتہ روز حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔









