تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم فہرست سے نکالنے کا عمل شروع
محکمہ داخلہ پنجاب نے سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر لگائی پابندی ختم کرنے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ارسال کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پر پابندی ختم کرنے کی درخواست وفاق کو بھیجی جائے گی۔ اس کے بعد تحریک لبیک پاکستان بطور سیاسی جماعت بحال ہوجائے گی اور باقاعدہ اپنی سیاسی سرگرمیاں اور الیکشن میں حصہ بھی لیں سکے گی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان ایک ماہ کی جنگ بندی کا معاہدہ
کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست واپس
واضح رہے تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان یہ بات بھی شامل تھی کے جماعت کے نام کالعدم کا نام ہٹایا جائے، جبکہ اس معاہدے کے بعد مفتی منیب الرحمان نے کہ تھا کہ تحریک لبیک کے ساتھ کالعدم کا لفظ ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔
دوسری طرف آج لاہور ہائیکورٹ میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظربندی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے سعد رضوی کی درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔
مزید تفصیل کے مطابق چیف جسٹس ہائیکورٹ کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے حافظ سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر سماعت کی، سربراہ تحریک لبیک سعد رضوی کی نظر بندی کے خلاف کیس میں درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
سعد رضوی کے چچا کے وکیل برہان معظم ملک نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ ہماری درخواست غیر موثر ہو چکی ہے، عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دلائل مانگے تھے۔