وادی تیراہ میں شدید برفباری سے راستے منقطع، غذائی قلت کا سامنا

برفباری کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، راستے بند ہونے سے ہزاروں افراد گھروں میں محصور، شہریوں نے سوشل میڈیا پر کھانے کی اشیا فراہم کرنے کی اپیل کردی۔

مری کے بعد ضلع خیبر کے دور داراز علاقہ وادی تیراہ میں جانی نقصان کا خدشہ، ہزاروں کی تعداد میں لوگ برف باری کے باعث گھروں میں محصور، غذائی قلت کا سامنا۔

ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں 5 سے 6 فٹ کی 20 سال بعد ریکارڈ برف باری کے باعث حالات نہایت خراب ہو گئے ہیں، سینکڑوں افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، محصورین کو غذائی قلت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کے پی کے میں بارش اور برف باری سے 6 افراد جاں بحق، رپورٹ

پاکستانی اداکاراؤں کی برف باری میں موج مستیاں

واضح رہے کہ حال ہی میں وادی میں جاری برف باری نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے اور 6 فٹ برف باری کے باعث بعض علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

آدم خیل، شاہد خان آفریدی کا آبائی گاؤں بھوٹان شریف، کمرخیل تختہ اور لنڈوار کے راستے اب بھی بند ہیں، لنڈوار کا بازار60 کلومیٹر دور ہے اور سڑک نہ ہونے کی وجہ سے پورا گاؤں پھنس گیا ہے۔

مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مدد و تعاون کی اپیل کی ہے کہ ہم کئی دنوں سے بھوک سے بد حال ہیں، انتہائی غذائی قلت کا سامنا ہے، اپنی مدد آپ کے تحت راستے بہت مشکل سے کھول رہے ہیں۔

مقامی سماجی رہنما شیر محمد کے مطابق ہزاروں کی آبادی والے علاقے میں اپنی مدد آپ کے تحت ایک ٹریکٹر لگا ہے جو راستوں کو کھول رہا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ حرکت میں نہیں آ رہی۔

متعلقہ تحاریر