2021کے بہترین کھلاڑیوں کیلئے  پی سی بی کا 15، 15 لاکھ روپے کا انعام

پاکستان کیلئے2021 غیرمعمولی رہا، کرکٹرز کو انعام ضرور دے رہے ہیں جو اُن کی پرفارمنس کے حساب سے بہت کم ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی  جانب سے ٹی ٹوینٹی، ورلڈکپ 2021 اور ٹیسٹ فارمیٹ میں شاندار پرکارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین رمیزراجہ نے  عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو 15 ، 15 لاکھ روپے انعام سے نواز اگیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی زیر صدارت قذافی اسٹیڈیم لاہور کے فار اینڈ بلڈنگ میں  سال 2021 میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی  ، تقریب میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی ،  ساجد خان ، عماد وسیم، شاہ نواز دھانی، سرفراز احمد،حیدر علی، اور عابد علی  ہیٹنگ کوچ ثقلین مشتاق اور دیگر قومی کرکٹرز شریک تھے۔ چیئرمین نے کپتان بابر اعظم سمیت کیلنڈر ائیر کے ٹاپ پرفارمرز کو انعامات سے نوازا۔

یہ بھی پڑھیے

رمیز راجہ بھی رضوان اور بابر اعظم کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے

رمیز راجہ جونیئر ورلڈکپ کیلیے ٹیم کا انتخاب خود کریں گے

تقریب سے خطاب کرتےہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے سال 2021 غیرمعمولی رہا، ہم کرکٹرز کو انعام  ضرور دے رہے ہیں جو اُن کی پرفارمنس کے حساب سے بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے آنے سے پہلے بھی ان کی پرفارمنس زبردست تھی، پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا گراف بہتر ہونا خوش آئند ہے، یقین ہے کہ پرفارمنس میں بہتری کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔رمیز راجہ کی جانب سے 2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پندرہ پندرہ لاکھ روپے جبکہ اسپورٹس اسٹاف کو دو سے دس لاکھ روپے تک  چیک دیا گیا۔

اس موقع پر چیئر مین کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری یے کیونکہ ایسے اقدامات سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوتا ہے۔ پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ لیگز، کوویڈ اور دوسری مصروفیات کی وجہ سے تقریب کو مختصر رکھا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس تقریب کی ویڈیو جلد جاری کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر