پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے دی
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کا دیا ہوا 169 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے 5ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو یکطرفہ میچ میں 9 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لئے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
سابق انگلش فٹبالر کھلاڑی ڈھونڈنے پاکستان پہنچ گئے
سہولیات کا فقدان: ویٹ لفٹر طلحہ طالب کلاس روم میں تربیت جاری رکھنے پر مجبور
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پاؤل سٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا اور شروع میں گراؤنڈ کے چاروں اطراف اسٹروکس کھیل کر مخالف ٹیم کے باؤلر کو دباؤ میں لے لیا ۔
پاؤل سٹرلنگ نے 25 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مخالف ٹیم کے باؤلر کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ تاہم وہ 112 رنز کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔
دوسری جانب الیکس ہیلز اور رحمان اللہ گرباز نے شاندار اسٹروکس کا سلسلہ جاری رکھا تو مقررہ ہدف 16.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی کی اننگز کی تفصیل
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے تھے۔ پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹوم کیڈ مورے اور یاسر خان نے کیا تاہم ابتداء ہی میں پشاور زلمی کا نقصان اٹھا پڑا جب صفر کے اسکور کے ان کی پہلی وکٹ گر گئی ۔ ٹوم کیڈ مورے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گری جب یاسر خان 9 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ بھی جلد ہی کریز کا ساتھ چھوڑ گئی ، اس وقت پشاور زلمی کے 31 رنز تھے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے جنہوں نے 9 گیندوں کا سامنا کرتےہوئے صرف 2 رنز اسکور کیے تھے۔
35 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ گر گئی۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جنہوں نے 13 گیندوں پر 15 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کی 5ویں وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب شعیب ملک آؤٹ ہوئے انہوں نے 22 گیندوں کا سامنا اور 25 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کی چھٹی وکٹ 159 رنز پر گری۔ بین کٹنگ 17 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم اور شاداب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔









