اشتہار ی ملزم نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ کے اجراء کا فیصلہ
نوازشریف بیمارہیں جب بھی نواز شریف کو ڈاکٹرز سفر کی اجازت دیں گے وہ پاکستان آ جائیں گے

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی ہے، دونوں پاکستانی شہری ہیں اور پاسپورٹ کا حصول ان کا بنیادی حق ہے۔ نون لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو سفارتی جبکہ اسحاق ڈار کو نارمل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار دونوں پاکستانی شہری ہیں جنہوں نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی ہے پاسپورٹ کا حصول ان کا بنیادی حق ہے۔ نوازشریف علاج کے لئے بیرون ملک میں ہیں ان کے پاسپورٹ کی تجدید ان کا حق ہے جسے روکنا زیادتی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
لندن : اورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کے حق میں نوازشریف کے گھر کا گھیراؤ
نواز شریف کتنے بینک اکاؤنٹس، زمینوں اور گاڑیوں کے مالک ہیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں
ایک صحافی کی جانب سے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف بیمارہیں جب بھی نواز شریف کو ڈاکٹرز سفر کی اجازت دیں گے وہ پاکستان آ جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق میاں محمد نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا فیصلہ کر لیا گیا جس کے تحت آئندہ چند روز کے دوران برطانیہ میں جلاوطن رہنماؤں کے پاسپورٹس کی تجدید کر دی جائے گی۔ نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جبکہ اسحاق ڈار کو معمول کا نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کا عملہ احکامات پر فوری عمل درآمد کرے گا۔
یاد رہے کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار ان دنوں لندن میں مقیم ہیں ان کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہیں۔ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل منسوخ کرا دیا گیا تھا ۔ اسحاق ڈار کے نئے پاسپورٹ کے اجرا اور نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواستیں تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار پاسپورٹ کے اجرا کے بعد سعودی عرب میں عمرہ ادا کر کے پاکستان واپس آ سکتے ہیں۔









