عمران خان کا پنجاب کے 6 بڑوں شہروں میں جلسے کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نے مئی کے آخری ہفتے میں پی ٹی آئی کارکنان کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے فوری بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسے اور جلوسوں کا اعلان کردیا ہے۔
سابق وزیراعطم عمران خان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 6 مئی سے 19 مئی تک صوبہ پنجاب کے چھ بڑے شہروں میں سیاسی پاور شو کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کے خلاف پہلا مقدمہ کرپشن کا نہیں توہین مذہب کا بنا ہے
عمران خان نے شریف فیملی کے کرپشن کیسز پر وائٹ پیپر جاری کردیا
عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے کارکنان کو متحرک کرنے کے لیے 6 مئی کا پہلا جلسہ میانوالی میں کرے گی ، جبکہ 10 مئی کو جہلم میں سیاسی پاور شو کیا جائے گا، 12 مئی کو اٹک میں جلسہ کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 14 مئی کو سیالکوٹ ، 15 مئی کو فیصل آباد اور 19 مئی کو چکوال میں سیاسی جلسے کرے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں پی ٹی آئی کارکنان کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔
عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حکومت کے خلاف مئی کے آخری ہفتے میں مارچ کیا جائے گا۔
عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا pic.twitter.com/Dv9bw2L7bv
— Abdul Qadir (@AbdulqadirARY) April 30, 2022
سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ اجلاس میں اس بات پر تفصیلی بحث کی گئی کہ لانگ مارچ کی کال کب دینی ہے ، جس کےبعد اسلام آباد میں مئی کے آخری ہفتے میں لانگ کا فیصلہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس لانگ مارچ میں لوگوں کا ایک سمندر اسلام آباد پہنچے گا ، صرف تحریک انصاف ہی نہیں سب پاکستانیوں کو کال دینے لگا ہوں،
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا تھا کہ ملک کی توہین کی گئی بیرون ملک سازش کے تحت کرپٹ ترین لوگوں کو مسلط کیا گیا ، موجودہ کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں۔









