بولیویا کے خلاف میچ میں میسی نے کئی اعزاز اپنے نام کرلیے

اسٹار فٹبالر نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ لیجنڈ فٹبالر پیلے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے ورلڈکپ کوالیفائر راؤنڈ میں بولیویا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کرلی۔ نامور کھلاڑی نے ساؤتھ امریکن انٹرنیشنل میچز میں 79 گول کرکے برازیل کے مایہ ناز فٹبالر پیلے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

فیفا ورلڈکپ کے کوالیفائر میچز جاری ہیں۔ گزشتہ روز ارجنٹینا  اور بولیویا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں اسٹار پلیئر لیونل میسی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی اور کئی اعزاز اپنے نام کرلیے۔

بولیویا کے خلاف میچ میں لیونل میسی نے 3 گول کئے۔ میچ کے 14ویں منٹ میں انہوں نے پہلا گول کرکے برازیل کے لیجنڈ پلیئر کا 77 گولز کا ریکارڈ برابر کیا۔ اسٹار فٹبالر نے میچ کے 64 ویں اور 88ویں منٹ میں مزید 2 گول کرکے ہیٹرک کی۔

میچ میں عمدہ کارکردگی کے ساتھ لیونل میسی نے برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ میسی 79 گولز کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے والے جنوبی امریکی کھلاڑی بن گئے۔ برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے 77 گولز کے ساتھ دوسرے اور برازیل ہی کے مایہ ناز فٹبالر نیمار 69 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

میسی کے بعد پی ایس جی کا مشہور یورپی برینڈ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

کرونا کیسز کم ہونے کے باعث محدود شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایک موقع پر گراؤنڈ میں شائقین کو دیکھ کر لیونل میسی آبدیدہ بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ عالمی سطح  پر سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے پاس ہے۔ انہوں نے 180 میچز میں 111 گول کئے ہیں۔ فہرست میں ایران کے علی داعی 109 گولز کے ساتھ دوسرے اور ملائشیا کے مختار 89 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

متعلقہ تحاریر