فواد چوہدری نے کالعدم تنظیم کے ساتھ سیاسی اتحاد کی تردید کردی
پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا تھا کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ایل پی میں سیاسی اتحاد ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کالعدم ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی کے درمیان آئندہ انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کے سیاسی اتحاد کی خبروں کی تردید کی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی اتحاد تشکیل نہیں پا رہا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ایل پی میں سیاسی اتحاد ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
معاہدے پر عملدرآمد شروع، کالعدم ٹی ایل پی کے 860 کارکنان رہا
حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پایا
اب دیکھنا ہوگا کہ اصل معاملہ کیا ہے، سینٹرل پنجاب میں پارٹی کو منظم کرنے والے اعجاز چوہدری کی بات درست ہے یا فواد چوہدری کا بیان پارٹی پالیسی کا حصہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اب تک ہونے والے ریفارمز پر سب کو اعتماد میں لیا ہے۔ وزیراعظم اہم فیصلوں پر کل قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل اپنے خطاب میں غریب طبقے کے لیے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل خطے کے دیگر ممالک کی نسبت سب سے سستا ہے۔ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بنگلا دیش اور بھارت کی نسبت کم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 138 روپے ہے جبکہ بھارت میں فی لیٹر پیٹرول 200 روپے میں دستیاب ہے۔









