منشا پاشا کرپٹ پولیس افسران کو بےنقاب کریں گی
نئی فلم 'کہے دل جدھر' کا ٹریلر جاری، منشا صحافی اور جنید خان پولیس افسر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
پرکشش اداکارہ منشا پاشا نے سنیماز کھلنے پر انسٹاگرام پوسٹ میں خوشی کا اظہار کیا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں سینما گھر پچھلے کئی ماہ سے بند تھے۔
View this post on Instagram
منشا نے لکھا کہ شکر ہے بلآخر فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں اور سنیما کھل رہے ہیں، پچھلے دن میری فلم کا ٹریلر جاری ہوا ہے اور بہت خوشگوار احساس ہو رہا ہے کہ اب ہم سنیما میں فلم دیکھ سکیں گے۔
یاد رہے کہ کئی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد منشا پاشا اور جنید خان کی فلم ‘کہے دل جدھر’ کا ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے۔ ٹریلر کا آغاز ‘مجھے تو سب کچھ بدلتا نظر آرہا ہے’ سے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بیٹ مین کا نیا ٹریلر جاری، شائقین رابرٹ پیٹنسن کے دیوانے
منشا پاشا ہیرا منڈی پر بننے والی فلم پر پاکستانی معاشرے سے ناراض
فلم کی کلپ میں کالج کے پرجوش طالبعلموں کو بڑے ہو کر پیشہ ورانہ کردار ادا کرتے ہوئے انصاف کے حصول کے لیے سرکرداں دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں ایک جملہ ہے کہ ‘یہ فلم دوستیوں کے سفر، زندگی کی تبدیلی اور خود کی شناخت’ پر مبنی ہے۔
فلم میں منشیات کے مسئلے اور اس کی وجوہات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ منشا پاشا نے اس میں صحافی کا کردار ادا کیا ہے جبکہ جنید خان کو پولیس افسر کا کردار نبھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دونوں کی جوڑی کالج میں رومانس کرتی نظر آتی ہے لیکن جب پیشہ ورانہ زندگی میں داخل ہوتے ہیں تو صحافی اور پولیس افسر کو ایک دوسرے سے جھگڑتے بھی دکھایا گیا ہے۔
منشا پاشا جنید خان پر الزام لگاتی ہیں کہ وہ ایک بدعنوان افسر ہیں اور ان کے منشیات مافیا کے ساتھ رابطے ہیں۔
ٹریلر میں نیوز رومز اور صحافیوں کے کام کرنے کے طریقہ کار کو بھی دکھایا گیا ہے، منشا پاشا ایک ایماندار صحافی ہیں جو کہ سنسرشپ کے خلاف کھڑی ہیں اور بدعنوان پولیس افسران اور منشیات کے دھندے کو بے نقاب کرنا چاہتی ہیں۔
فلم کے ڈائریکٹر جلال رومی ہیں جبکہ وجدان فلمز کے بینر تلے پروڈکشن کی گئی ہے۔
اب وہ وقت آچکا ہے کہ ہمارے سنیما میں معاشرے کے اصل مسائل پر فلمیں بنائی جائیں اور ‘کہے دل جدھر’ ایسی ہی ایک فلم ثابت ہوگی۔