عائشہ اکرم سے بدسلوکی کے  کیس میں گرفتار ریمبو مرکزی ملزم قرار

سیشن عدالت  نے  درخواست ضمانت پر وکلا سے  20دسمبر کو دلائل  طلب کرلیے، عائشہ اکرم نے موٹرسائیکل سے گرنے پر بھی مقدمہ درج کرادیا۔

لاہورپولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھی ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا۔

لاہورپولیس کی جانب سے ریمبو کی درخواست ضمانت پر رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے موقف اپنایا ہے کہ کہ ریمبو نے خاتون سے بد تمیزی کرانے میں اہم کردار ادا کیا،لہٰذا عدالت ریمبو کی درخواست ضمانت مسترد کرے ۔

یہ بھی پڑھیے

مینار پاکستان واقعہ: عائشہ اکرم نے ہیرو کو ولن بنادیا

مینار پاکستان واقعہ، ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو لینے کے دینے پڑ گئے

لاہور کی سیشن عدالت نے آج ہونے والی سماعت میں ملزم عامر سہیل عرف ریمبو کے وکلا کو دلائل کے لیے 20 دسمبر کو طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دوسری جانب ٹک ٹاکر عائشہ نے چند روز قبل موٹر سائیکل سے گرنے کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ خاتون ٹک ٹاکر نے ایف آئی آر کے لیے پولیس کو بتایا کہ بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر  راوی ٹول پلازہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے ہماری موٹر سائیکل کا توازن خراب ہوا۔عائشہ اکرم نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ میرا برقعہ موٹر سائیکل کے پہیے میں آگیا تھا، جس کے باعث ہم گرگئے۔

واضح رہے کہ یوم آزادی پر گریٹر اقبال پارک لاہور میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا۔عائشہ اکرم کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ریمبو نے ڈیڑھ سال قبل اس کے موبائل سے ذاتی نوعیت کی ویڈیو حاصل کر لی تھی جس کی بنیاد پر وہ اسے  بلیک میل کرتا رہا اور اس سے دس لاکھ روپے لے چکا تھا جبکہ وہ اس کی آدھی تنخواہ بھی لیتا رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر