کسٹم حکام کی طور خم بارڈر پر کارروائی، 1 بلین کی منشیات برآمد
ایڈیشنل کسٹم کلکٹر کا کہنا ہے کہ خالی کنٹینر افغانستان سے طور خم کے راستے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔
خیبر طور خم بارڈر پر کسٹم حکام کی تاریخ کی سب سے بڑی کاروائی، ٹرک سے ایک بلین کی 100 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کر لی۔
ایڈیشنل کسٹم کلکٹر طور خم محمد طیب کے مطابق طور خم ایمپورٹ ٹرمینل میں کسٹم عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کے خفیہ خانوں سے 100 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی ہے۔ اس دوران ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ڈی آئی خان: عمر خطاب شیرانی قتل، بیوی سمیت تین ملزمان گرفتار
پی پی رہنما کی کھاد اسمگلنگ کی کوشش کسانوں نے ناکام بنا دی
ایڈیشنل کسٹم کلکٹر کے مطابق منشیات کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں 1 ارب روپے سے زائد ہے۔ خالی کنٹینر افغانستان سے طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ کسٹم عملہ نے گاڑی کے ڈرائیور کو گاڑی سمیت حراست میں لیا ہے۔
محمد طیب کا کہنا تھا کہ طورخم کسٹم کی تاریخ میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ گزشتہ 15 روز میں کسٹم عملہ نے طورخم سرحد پر ایک ارب 73 کروڑ روپے مالیت کی منشیات پکڑی ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں منشیات کی قیمت 1 ارب روپے سے زائد کی ہے۔ کارروائی چند بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔