نیویارک پراپرٹی کیس میں آصف زرداری کی ضمانت منظور
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا، نیب نے درخواست ضمانت منظور کرنے کی مخالفت کی تھی، ابھی تک وارنٹ گرفتاری ہی جاری نہیں کیے، نیب پراسیکیوٹر۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک پراپرٹی کیس میں ضمانت منظور کرلی، نیب نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔
سابق صدر عدالت میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ پیش ہوئے، جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
ناظم جوکھیو قتل کیس، ایک اور ملزم کی عبوری ضمانت منظور
آاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نیب کو ناکوں چنے چبوا دیئے
آصف زرداری کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب میں نیویارک پراپرٹی کیس کی تحقیقات ہورہی ہیں، ادارے نے اب تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے ہیں۔
وکیل کا موقف تھا کہ چیئرمین نیب کو کسی کو بھی گرفتار کروانے کا اختیار ہے، وہ تحقیقات کے دوران کسی بھی مرحلے پر وارنٹ گرفتاری جاری کرسکتے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے آصف علی زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی مخالفت کی، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر نیب کا گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تو بتائیں۔
سماعت کے دوران سابق صدر کی طبی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی، وکیل نے استدعا کی کہ مستقل ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔
دوسری طرف نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ احتساب بیورو نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے ہیں اس لیے درخواست ضمانت کو مسترد کیا جائے۔