کراچی کنگز کسی بھی پی ایس ایل ایڈیشن میں 9 میچ ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی

کنگز نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کسی بھی ایڈیشن میں 9 میچ ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو ان کے آخری میچ میں 23 رنز سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔
RECORD: Karachi Kings becomes first team to lose 9 matches in a single edition of Pakistan Super League. This unwanted record was previously with Quetta Gladiators who had lost 8 matches in 2021. #LevelHai
— Faizan Lakhani (@faizanlakhani) February 20, 2022
ہدف کے تعاقب میں کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز جو کلارک اور کپتان بابر اعظم نے کیا۔ اور پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 87 رنز تک لے گئے۔ اس موقع پر بابر اعظم آؤٹ ہو گئے انہوں نے 34 گیندوں پر 36 رنز اسکور کیے تھے۔ تاہم بعد آنے والے بلے باز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔
یہ بھی پڑھیے
مذاق یا حقیقت ، کرس گیل نے کراچی کنگز کو بطور ہیڈکوچ خدمات پیش کردیں
اہم فائٹ میں کیل بروک سے شکست، باکسر عامر خان کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ
کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز اسکور بنا پائی ، سب سے کامیاب بلے باز جو کلارک رہے انہوں نے 39 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہار کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے کسی بھی ایڈیشن میں 9 میچ ہارنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل یہ ناپسندیدہ ریکارڈ آج کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا جنہوں نے 2021 میں 10 میچز میں سے 8 میچز میں شکست کھائی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر خرم شہزاد رہے انہوں نے 22 اسکور دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں جبکہ محمد عرفان اور اشعر قریشی کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوئی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور ول سمیڈ نے کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 21 کے مجموعی اسکور پر گری جب ول سمیڈ 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیسرے آنے والے کھلاڑی جیمس ونس تھے۔ جیسن رائے اور جیمس ونس سے اسکور آگے بڑھیا اور 111 رنز پر لے گئے۔ اس موقع پر جیمس ونس 24 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
تیسری وکٹ 117 کے اسکور پر گری جب نئے آنے والے بلے باز عمر اکمل 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھی وکٹ 162 کے مجموعی اسکور پر گری جب جیسن رائے 64 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم ، میر حمزہ ، عثمان خان شنواری اور لیوائس گریگری نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ابھی تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 میچوں میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اس طرح اس کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس موجود ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کو ابھی تک 9 میچوں میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ
گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جیسن رائے ، ول سمیڈ ، جیمس ونس ، عمر اکمل ، افتخار احمد ، کپتان سرفراز احمد ، حسن خان ، اشعر قریشی ، نسیم شاہ ، خرم شہزاد اور محمد عرفان پر مشتمل ہے۔
کراچی کنگز اسکواڈ
کنگز کی ٹیم کپتان بابر اعظم ، شرجیل خان ، جو کلارک ، لیوائس گریگری ، ٹام لیمن بائے ، روحیل نذیر ، قاسم اکرم ، عماد وسیم، عمید آصف ، عثمان خان شنواری اور میر حمزہ پر مشتمل ہے۔