کراچی چیمبر کا شہر میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش
صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے اگر این ٹی ڈی سی سے بجلی نہیں بھی مل رہی تو کے الیکٹرک اپنے وسائل سے پیداوار بڑھا کر لوڈ شیڈنگ سے گریز کرے۔
کراچی چیمبر نے شہر بھر میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ صدر کراچی چیمبر محمد ادریس کا کہنا ہے ماہ رمضان میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کرنا کراچی والوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سےجاری ہونے والے بیان میں صدر کراچی چیمبر محمد ادریس نے کہا ہے کہ شہر کی بیشتر کمرشل مارکیٹوں سے لوڈ شیڈنگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل میں کئی متنازع نام شامل
گاڑیوں کی درآمدات میں 50فیصد اضافے سے244ملین ڈالر تک جاپہنچی
انہوں نے کہا ہے کہ صدر، جوڑیا بازار، جامع کلاتھ، مینا بازار، گل پلازہ، لیاقت آباد اور کئی مارکیٹوں میں رش کے اوقاتِ کار میں بجلی فراہمی بند کردی جاتی ہے، شاپنگ سیزن کے آخری چند دنوں میں لوڈ شیڈنگ کرنا چھوٹے تاجروں کے ساتھ زیادتی ہے۔
محمد ادریس کا مزید کہنا ہے کہ کے الیکٹرک والے کہتے ہیں لوڈ شیڈنگ این ٹی ڈی سی سے بجلی فراہمی میں کمی کے باعث کرنی پڑتی ہے، ایسا ہے تو این ٹی ڈی سی سے کراچی کو طے شدہ بجلی میں کمی نہ کی جائے۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے اگر این ٹی ڈی سی سے بجلی نہیں بھی مل رہی تو کے الیکٹرک اپنے وسائل سے پیداوار بڑھا کر لوڈ شیڈنگ سے گریز کرے، دن بہ دن گرمی میں شدت آرہی، عوام کو بجلی سے محروم رکھ کر پریشانیوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔









