بختاور بھٹو کی منگنی میں سخت ترین احتیاطی تدابیر

کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بلاول بھٹو تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی جمعے کی شام بلاول ہاؤس میں ہوگی۔ بلاول بھٹو منگنی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے منگنی کی رسم ہیلی پیڈ پرکھلے میدان میں رکھی گئی ہے۔ بلاول ہاؤس ذرائع کے مطابق منگنی کی رسم میں صرف خاندان کے افراد ہی شرکت کریں گے۔

کرونا کے باعث دعوت بالکل مختصرکردی گئی ہے۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں 120 لوگ شرکت کریں گے جس میں خاندان کے قریبی لوگ اوررشتہ دار شریک ہوں گے۔ جبکہ پارٹی سینیئر رہنما اور آصف علی زردای کے قریبی دوست شرکت کریں گے۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر کو کراچی میں محمود چوہدری سے ہوگی۔ محمود چوہدری امریکا میں مقیم تاجر یونس چوہدری کے بیٹے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بختاور بھٹو کے ہونے والے شوہر کون ہیں؟

بختاور بھٹو کے منگیتر جمعرات کی صبح فیملی کے ہمراہ دبئی سے کراچی پہنچ چکے ہیں۔ بلاول ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ منگنی کی رسم میں غنوہ بھٹواورفاطمہ بھٹو کو دعوت نہیں دی گئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق صنم بھٹو کو دعوت دی گئی ہے اور وہ شرکت کرسکتی ہیں۔ جبکہ شاہنوازبھٹو کی بیٹی سسئی بھٹو کو بھی دعوت نہیں دی گئی۔

بلاول ہاؤس کے ذرائع کے مطابق منگنی میں صرف خاص لوگوں کو بلایا گیا ہے۔ جبکہ فروری میں ہونے والی شادی کی تقریب میں تمام سیاسی قیادت کو بلایا جائے گا۔ اس وقت حالات ایسے نہیں کہ مجمع اکٹھا کیا جائے۔ ایس او پی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ٹیبل پر تین لوگوں کو بٹھایا جائے گا اور سماجی فاصلہ بھی لازمی رکھوایا جائے گا۔

کرونا وباء کی پیش نظر تمام مہمان دور سے مبارکباد دیں گے۔ کم سے کم چھ فٹ کا فاصلہ لازمی ہے۔ دولہا اوردلہن کو گلے لگا کر مبارکباد نہیں دی جا سکے گی۔

دعوت نامے پرمہمانوں کو کورونا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تمام مہمانوں کو تقریب میں شرکت سے 24 گھنٹے قبل کرونا کے منفی ٹیسٹ کی اسکین کاپی بھی بلاول ہاؤس کو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

جبکہ مہمانوں کو موبائل فون رکھنے اور تصاویر بنانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ تاہم دعوت نامے کے مطابق تمام مہمانوں کو صرف بلاول ہاؤس کے آفیشل فوٹوگرافر کی بنائی گئی تصاویر فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

بے نظیر کی صاحبزادی بختاور کی منگنی کا کارڈ منظر عام پر

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد ان کی اپنی بہن کی منگنی میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ بلاول ہاؤس کے مطابق تقریباً تمام مہمانوں کی کرونا رپورٹ آچکی ہیں اورکچھ کی آنا ابھی باقی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی اسپتال میں زیرعلاج آصف زرداری تقریب میں کچھ دیر کے لیے شرکت کریں گے۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں۔

منگنی کی تقریب سے قبل کرونا ٹیسٹ کے لیے بلاول ہاؤس میں تعینات عملے کے بھی نمونے لے لیے گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر