سلمان طور ٹائم 100 نیکسٹ کی فہرست میں شامل
سلمان طور کی ایک تخلیق 'روف ٹاپ پارٹی ود گھوسٹس آئی' 8 لاکھ 22 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوئی جو کسی بھی پاکستانی کے لیے ایک اعزاز ہے۔
امریکا کے مشہور ٹائم میگزین نے پاکستانی نژاد سلمان طور کو ٹائم 100 نیکسٹ کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
ٹائم 100 نیکسٹ کی فہرست میں شامل کرنے پر سلمان طور نے ٹائم میگزین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ سلمان طور نے ٹائم میگزین کے اعزاز کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا ہے۔
ٹائم میگزین نے لکھا ہے کہ انہیں سلمان طور کو ٹائم 100 نیکسٹ 2021 کی فہرست میں شامل کرنے پربہت زیادہ خوشی محسوس ہورہی کیونکہ ایسے لوگ دنیا کو تبدیل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
View this post on Instagram
میگزین نے اپنی اشاعت میں سلمان طور کی ذہانت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘طور پاکستان کے شہر لاہور میں پیدا ہوئے اور 2000 کی دہائی میں امریکی ریاست نیویارک میں منتقل ہوگئے۔ انہوں نے اپنی کوششوں سے پرانی پینٹنگز کے انداز کو بدل کر جنوبی ایشیا کی نئی نسل کے لیے سوچ کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔’
یہ بھی پڑھیے
خاتون کا سینئر صحافی پر ہراسگی کا الزام
میگزین میں لکھا گیا کہ ‘فنکار نے اپنے فن سے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ سلمان طور کے فن پاروں کی نمائش نیویارک سٹی کے مشہور وٹنی میوزیم آف امریکن آرٹ میں مارچ 2021 تک جاری رہے گی۔’
سلمان طور نے حال ہی میں اپنی ایک پیٹنگ کو 8 لاکھ 22 ہزار ڈالرز میں فروخت کر کے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے کیونکہ شاید کسی بھی پاکستانی فنکار کے لیے یہ اب تک کی سب سے مہنگی فروخت ہے۔ سلمان طور نے 2015 میں ایک فن پارہ ‘روف ٹاپ پارٹی ود گھوسٹس آئی ‘ بنایا تھا جس نے مصوری کی دنیا میں خاصی شہرت حاصل کی۔