میسی اور بارسلونا کی 21 سال بعد راہیں جدا

کلب اور اسٹار فٹبالر میں نیا معاہدہ نہ ہونے پر میسی نے کلب کو خیر آباد کہہ دیا۔

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 21 سال بعد بارسلونا کلب سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔ فٹبال کلب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹار فٹبالر سے نیا معاہدہ نہیں ہوسکا۔ میسی کی ہسپانوی کلب کو چھوڑنے کی خبر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ہے۔

اسپین کے مشہور فٹبال کلب بارسلونا اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے درمیان گزشتہ ماہ جولائی میں معاہدہ ختم ہوگیا تھا جس کے بعد دونوں فریقین میں نئے معاہدے پر بات چیت جاری تھی۔ کلب نے اس وقت کہا تھا کہ میسی کم معاوضے پر نیا معاہدہ کرنے پر راضی ہوگئے ہیں، معاہدے کو گزشتہ روز حتمی شکل دینی تھی لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی کے معاشی معاملات اور کلب کی کچھ  شرائط کے باعث یہ معاہدہ تحریری طور پر نہیں ہوسکا جس کے بعد لیونل میسی نے 2 دہائیوں کے بعد کلب کو خیر آباد کہہ دیا۔

بارسلونا کلب کی انتظامیہ نے لیونل میسی کی کلب کے لیے دی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ کلب کی طرف سے اسٹار فٹبالر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ٹوئٹر ہینڈل پر کلب کے ساتھ جڑی ان کی یادوں کو تصاویر اور ویڈیو کی شکل میں شیئر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

میسی نے تاریخ رقم کردی

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر بچپن میں جسمانی معذوری کا شکار تھے لیکن ان میں فٹبال کھیلنے کی حد سے زیادہ چاہ ہونے پر بارسلونا کلب نے ان کا علاج کروایا تھا۔ لیونل میسی نے اپنے کیئریئر کا آغاز بھی بارسلونا سے کیا تھا۔ انہوں نے سن 2000 میں ہسپانوی کلب کی یوتھ ٹیم کو جوائن کیا تھا۔

بارسلونا کا لیونل میسی پر اعتبار اور اسٹار فٹبالر کی اپنے کلب سے محبت نے دونوں کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچایا۔ لیونل میسی نے بارسلونا کلب کو 4 مرتبہ چیمپئینز لیگ ٹورنامنٹ میں کامیابی دلوائی۔ میسی کو دنیا کا بہترین فٹبالر ہونے پر 6 بار بیلون ڈی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

کلب اور اسٹار فٹبالر کے راستے الگ ہونے پر سوشل میڈیا پر بارسلونا اور میسی ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ کچھ شائقین فٹبال اس خبر پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں تو کچھ تجسس میں ہیں کہ اب اسٹار فٹبالر کون سے کلب کی نمائندگی کریں گے۔

میسی ٹرینڈنگ پاکستان

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاید اب اسٹار فٹبالر فرانس کے فٹبال کلب پی ایس جی سے نیا معاہدہ کریں گے لیکن اس کا حتمی فیصلہ کلب کو ہی کرنا ہوگا کہ کیا وہ میسی کو خریدنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟

متعلقہ تحاریر