مریم نواز نے قومی معاملے کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے پر عمران خان حکومت پر تنقید کی ہے۔

نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستان آئی ہوئی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ اچانک سیکیورٹی خدشات کی بنا کر پر ختم کردیا ہے۔ سیریز ختم ہونے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سیاست سے باز نہیں آئی اور انہوں نے حکومت پر تنقید کے تیر چلا دیئے ہیں۔

مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں سبز پاسپورٹ کی عزت کراؤں گا۔”

یہ بھی پڑھیے

سیکیورٹی خدشات کا بہانہ، نیوزی لینڈ نےکرکٹ سیریز منسوخ کردی

مریم نواز کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ہم سے بےشک نفرت کرو لیکن میری دھرتی کی کچھ تو نمک حلالی کرو جس کی دولت سے باہر جائدادیں بنائیں۔”

مریم نواز کی قومی ایشو پر حکومت پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے عمران حکومت کے سب سے بڑے ناقد اور معروف صحافی ارشاد بھٹی نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ہے کہ "سبزپاسپورٹ۔۔ پاکستان توڑنے میں عملی طور پر حصہ لینے پر فخر کرنے والے مودی کی پگ پہننے اور اس سے ہیپی برتھ ڈے کیک کٹوانے سے، پاکستان کو غلیظ گالی دینے والے حمداللہ محب سے ملاقات فرمانے سے اور اشتہاری ہو کر لندن سےاپنی فوج پر چڑھائیاں فرمانے سے سبز پاسپورٹ کی جو عزت افزائی آپنے کی اُس پر آپکا شکریہ۔”

مریم نواز کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے لکھا ہے کہ "ہاں مانتا ہوں کہ ایک پاکستانی کے طور پر دل اداس ہے، تکلیف میں ہوں۔ لیکن مریم صفدر اور انکی تین کنیز صحافی بی بیاں ، مودی اور ہندوستانی میڈیا کی جگتیں یاد رہیں گی۔”

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "یاد رکھیں ہم پاکستانی ہیں۔ ہم ہار نہیں مانتے۔ جس جس نے ہاکستان سے برا کیا وہ بھلے نواز ہو یا مودی، نامراد بے توقیر ہوا۔”

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اچانک دورہ منسوخی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی تھریٹ نہیں تھا نیوزی لینڈ کا دورہ سازش کے تحت ختم کیا گیا۔ ہم فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کررکھے تھے، یہ سازش دستانے پہنے ہاتھوں نے کی ہے، یہ وہی لوگ ہیں افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے تھے۔

شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کی معروف اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "پاکستان کو "سازش کرنے والوں” کا نام ظاہر کرنا چاہیے "چھپے ہوئے ہاتھوں” کی سازش کہہ کر جان نہیں چھڑائی جاسکتی۔ یہ قومی سلامتی اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کے احترام کا سنگین معاملہ ہے۔ یہ تو اندھیرے میں تیر چلانے کے مترادف ہے۔ سچ قوم اور دنیا کے سامنے لایا جائے۔”

متعلقہ تحاریر