ٹی 20 ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹس 5منٹ میں فروخت

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ میں رواں برس 23 اکتوبر کوہونے والے پاک بھارت میچ کےتمام ٹکٹ 5 منٹ میں فروخت ہوگئے۔صرف مہمانوں اور سفری پیکیجز  کے ٹکٹس دستیاب ہیں۔

آئی سی سی  کے مطابق 23اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان شیڈول میچ کے 60ہزار سے زائد ٹکٹس کی شائقین نے پہلے ہی بکنگ کرالی رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی20ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو ہوگا

29 سال بعدپاکستان کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی مل گئی

پیر کی شام 6 بجے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوتے ہی 5 منٹ میں تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔ اخبار کے مطابق 27اکتوبر کے ڈبل ہیڈر جنوبی افریقا اور بنگلا دیش جبکہ بھارت اور گروپ اے کی رنراپ ٹیم کے درمیان میچز کے تمام ٹکٹ بھی فروخت ہوگئے۔

آئی سی سی کے مطابق دونوں میچوں کے لیے مہمان نوازی کے پیکیجز اب بھی t20worldcuphospitality.com پر دستیاب ہیں جبکہ دونوں میچوں کے سفری پیکجز اس ماہ کے آخر میں icctravelandtours.com پر آئی سی سی ٹریول اینڈ ٹورز کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے۔

ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں کی گنجائش کے حامل میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کا شمار دنیا کے بڑے میدانوں میں ہوتا ہے۔ میلبرن میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔

دنیا کے بڑے اسٹیڈیمز میں شمار ہونے والے میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔ آسٹریلوی سرزمین پر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آخری مرتبہ 2015میں ایڈیلیڈ اوول میں آمنے سامنے آئیں تھیں،اس میچ کے ٹکٹ بھی چند منٹوں میں فروخت ہوگئے تھے۔

ٹی20ورلڈکپ کی سی ای او مشیل اینرائٹ کا کہنا ہے کہ اب تک زیادہ تر ٹکٹ آسٹریلیا کے رہائشیوں نے خریدے ہیں، وہ پراُمید ہیں کہ آسٹریلیا کی سرحدوں کے دوبارہ کھلنے سے بین الاقوامی سیاحوں کو ایونٹ میں شرکت کی ترغیب ملے گی۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا مردوں کے لیے T20 کرکٹ کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرے گا، جس کے میچز ایڈیلیڈ، برسبین، گیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔توقع ہے کہ ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کیلیے  8لاکھ سے زائد تماشائی اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔

متعلقہ تحاریر